سرخ کوفیہ، گرجدار آواز اور غیر متزلزل استقامت! حماس کا ابو عبیدہ کو خراج تحسین

تازہ ترین

تازہ ترین

(فوٹو؛ فائل)

فلسطینی مزاحمتی تنظیم حماس نے اپنے عسکری ونگ القسام بریگیڈز کے معروف ترجمان ابو عبیدہ کی شہادت کی باضابطہ تصدیق کر دی ہے۔ اس حوالے سے القسام بریگیڈز کے نئے ترجمان کی جانب سے جاری ویڈیو بیان میں بتایا گیا کہ ابو عبیدہ سمیت تنظیم کے کئی سینئر کمانڈر اسرائیلی حملوں میں شہید ہوچکے ہیں۔

بیان کے مطابق اسرائیلی کارروائیوں میں القسام بریگیڈز کے اہم قائدین محمد السنوار، رائد سعد، محمد شبانہ اور حکم العیسیٰ بھی شہید ہوئے۔ ترجمان نے وضاحت کی کہ ابو عبیدہ کا اصل نام حذیفہ سمیر عبداللہ الکحلوت تھا جو القسام کے میڈیا ونگ الاعلام العسکری کے سربراہ بھی رہے۔

ویڈیو بیان میں یہ بھی بتایا گیا کہ یحییٰ السنوار کے بھائی محمد السنوار، شہید کمانڈر محمد الضیف کے بعد القسام بریگیڈز کے سربراہ مقرر ہوئے تھے۔ القسام بریگیڈز نے اعلان کیا ہے کہ نئے ترجمان کو بھی روایت کے مطابق ابو عبیدہ ہی کہا جائے گا جبکہ حذیفہ الکحلوت اپنا یہ لقب تنظیم کے لیے ایک علامت کے طور پر چھوڑ گئے ہیں۔

حماس کے بیان میں کہا گیا کہ حذیفہ الکحلوت نے بیس سال سے زائد عرصے تک القسام بریگیڈز کے ترجمان کے طور پر خدمات انجام دیں اور تنظیم کے عسکری میڈیا نظام کو جدید بنیادوں پر استوار کیا۔ یاد رہے کہ اسرائیل نے رواں سال اگست میں ابو عبیدہ کو نشانہ بنانے کا دعویٰ بھی کیا تھا۔

اسی دوران القسام بریگیڈز نے اپنے شہید چیف آف اسٹاف محمد السنوار المعروف ابو ابراہیم اور معرکہ طوفان الاقصیٰ کے دوران شہید ہونے والے دیگر کمانڈرز اور مجاہدین کو خراج عقیدت پیش کیا۔ عسکری ترجمان کے مطابق محمد السنوار نے نہایت مشکل حالات میں القسام بریگیڈز کی قیادت کی اور سات اکتوبر کی کارروائی کی منصوبہ بندی اور دفاعی حکمت عملی میں کلیدی کردار ادا کیا۔

بیان میں رفح بریگیڈز کے کمانڈر محمد شبانہ عسکری تربیت و اسلحہ کے شعبوں سے وابستہ مروان العیسیٰ اور عسکری صنعت و آپریشنز کے سربراہ رائد سعد کو بھی تنظیم کے نمایاں قائدین قرار دیا گیا، جنہوں نے فلسطینی ساختہ اسلحے کی بنیاد رکھی جو حالیہ معرکوں میں مؤثر ثابت ہوا۔

ترجمان نے ابو عبیدہ کو ایک ایسی علامتی شخصیت قرار دیا جن کی آواز دنیا بھر میں سنی گئی اور جن کا سرخ کوفیہ مزاحمت کی پہچان بن گیا۔ انہوں نے کہا کہ شہداء کی قربانیاں امت کے لیے بیداری کا پیغام ہیں اور فلسطین و مسجد اقصیٰ کی حمایت کا تقاضا کرتی ہیں۔

خطاب میں غزہ کے عوام کے صبر، قربانیوں اور مشکلات کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا گیا کہ جنگ بندی عوامی استقامت کا نتیجہ ہے تاہم اسرائیلی خلاف ورزیوں کے باوجود حقِ دفاع برقرار ہے۔ القسام بریگیڈز نے عالمی برادری بالخصوص لبنان، یمن، عراق، ایران، اردن اور دنیا بھر کے حریت پسندوں کا شکریہ ادا کیا جنہوں نے فلسطین سے یکجہتی کا اظہار کیا۔

آخر میں غزہ کے عوام کو یقین دلایا گیا کہ ان کی قربانیاں رائیگاں نہیں جائیں گی تباہ شدہ غزہ کی تعمیر نو کی جائے گی اور تنظیم فتح یا شہادت کے عزم پر قائم رہے گی۔

Related Posts