ملکی سیاسی منظرنامے سے ایک اہم شخصیت رخصت! جانیں زعیم قادری کون تھے

تازہ ترین

تازہ ترین

(فوٹو؛فائل )

پاکستان کے سیاسی منظرنامے سے آج ایک اہم شخصیت رخصت ہو گئی۔ سینئر سیاستدان سید زعیم حسین قادری انتقال کر گئے ہیں۔ اہل خانہ کے مطابق وہ گزشتہ چند روز سے دل کے عارضے کے باعث لاہور کے ایک نجی اسپتال میں زیرِ علاج تھے۔ بدھ کی صبح ان کی طبیعت زیادہ بگڑ گئی اور وہ جانبر نہ ہو سکے۔

خاندانی ذرائع کے مطابق مرحوم کی نمازِ جنازہ آج نمازِ مغرب کے بعد لاہور کے علاقے لارنس روڈ پر ادا کی جائے گی جس میں مختلف سیاسی و سماجی شخصیات اور کارکنان کی شرکت متوقع ہے۔

سید زعیم حسین قادری نے پنجاب کی سیاست میں طویل عرصہ فعال کردار ادا کیا۔ وہ پاکستان مسلم لیگ (ن) کے پلیٹ فارم سے رکنِ پنجاب اسمبلی منتخب ہوئے اور پارٹی کے ترجمان کے طور پر بھی خدمات انجام دیتے رہے بعد ازاں انہوں نے عوام پاکستان پارٹی میں شمولیت اختیار کی اور وہاں بھی اہم تنظیمی ذمہ داریاں سنبھالیں۔

ان کے انتقال کی خبر پر سیاسی و سماجی حلقوں میں گہرے رنج و غم کا اظہار کیا جا رہا ہے۔ مختلف رہنماؤں اور کارکنان نے ان کی سیاسی خدمات کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے اہل خانہ سے تعزیت کا اظہار کیا ہے۔

مرحوم کے لیے دعا کی جا رہی ہے کہ اللہ تعالیٰ انہیں جوارِ رحمت میں جگہ عطا فرمائے اور لواحقین کو یہ صدمہ برداشت کرنے کا حوصلہ دے۔

سید زعیم حسین قادری کون تھے

سید زعیم حسین قادری پاکستان کے معروف سیاستدان اور پنجاب کی سیاست میں سرگرم رہنے والی نمایاں شخصیت تھے۔ وہ بنیادی طور پر لاہور سے تعلق رکھتے تھے اور طویل عرصے تک صوبائی سیاست میں متحرک رہے۔

انہوں نے اپنی سیاسی زندگی کا بڑا حصہ پاکستان مسلم لیگ (ن) کے ساتھ وابستہ رہ کر گزارا۔ وہ پنجاب اسمبلی کے رکن منتخب ہوئے اور پارٹی کے ترجمان کے طور پر بھی خدمات انجام دیں۔ اپنے جارحانہ اور دو ٹوک مؤقف کی وجہ سے وہ میڈیا میں خاصی پہچان رکھتے تھے۔

زعیم قادری مسلم لیگ نون کے اہم رہنما تھے جہنوں نے اہم عہدوں پر اپنی ذمہ داری نبھائی تاہم 2018 کے الیکشن میں ٹکٹ کے معاملے پر انہوں نے نون لیگ سے اپنی راہیں جدا کرلی تھیں۔

سید زعیم حسین قادری کو ان کی سیاسی سرگرمیوں، میڈیا پر مؤثر اندازِ گفتگو اور پنجاب کی سیاست میں فعال کردار کے باعث جانا جاتا تھا۔

یاد رہے کہ 2018 میں زعیم قادری سے متعلق بھی بھی کہا جا رہا تھا کہ وہ تحریک انصاف میں شامل ہونے والے ہیں تاہم انہوں نے اس کی تردید کرتے ہوئے کہا کہ میں اپنی جگہ پر مضبوطی سے کھڑا ہوں۔

Related Posts