اور پھر امریکا مدد کو آن پہنچا؛ پہلی امدادی کھیپ پاکستان پہنچ گئی

تازہ ترین

تازہ ترین

(فوٹو؛ یو ایس ایمبیسی اسلام آباد)

پاکستان میں حالیہ شدید بارشوں اور بھارت سے پانی چھوڑے جانے کے باعث پیدا ہونے والے تباہ کن سیلاب کے متاثرین کے لیے امریکا نے امدادی سامان بھجوا دیا ہے۔

امریکی فوجی طیارے سیلاب زدگان کیلئے امدادی اشیاء لے کر نور خان ایئر بیس راولپنڈی پہنچے جہاں پاک فوج کے افسران اور اسلام آباد میں امریکی سفارت خانے کی ناظم الامور نیٹلی بیکر نے سامان وصولی کے موقع پر شرکت کی۔

امریکی سفارت خانے کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ یہ امداد پاکستان کے ان شہریوں کے لیے ہے جو اس قدرتی آفت سے شدید متاثر ہوئے ہیں۔ ناظم الامور نیٹلی بیکر نے اس موقع پر سیلاب کی تباہ کاریوں اور متاثرہ خاندانوں کے ساتھ ہمدردی کا اظہار کیا۔

یاد رہے کہ پنجاب کے مختلف علاقوں میں شدید بارشوں اور بھارت کے ڈیموں سے پانی چھوڑے جانے کے بعد کئی اضلاع زیرِ آب آ چکے ہیں۔ لاکھوں لوگ بے گھر ہو گئے ہیں فصلیں تباہ ہو چکی ہیں اور ہزاروں افراد عارضی کیمپوں میں پناہ لینے پر مجبور ہیں۔

حکومت پاکستان کی جانب سے مقامی سطح پر امدادی سرگرمیاں جاری ہیں تاہم موجودہ حالات کے پیش نظر عالمی برادری کی معاونت ناگزیر ہے۔ اقوام متحدہ اور برطانیہ کے بعد اب امریکا نے بھی عملی مدد فراہم کرتے ہوئے امدادی سامان روانہ کیا ہے۔

Related Posts