ہالی ووڈ کی مشہور اداکارہ انجلینا جولی نے اپنے سابق شوہر بریڈ پٹ پر الزام عائد کیا ہے کہ وہ انہیں مسلسل جاری قانونی جنگ کے ذریعے ذہنی، جسمانی اور مالی طور پر کمزور کرنے کی کوشش کر رہے ہیں۔
ذرائع کے مطابق انجلینا جولی نے اپنی قریبی دوستوں سے گفتگو میں اعتراف کیا ہے کہ وہ اس تنازعے سے انتہائی تھکن، دباؤ اور ذہنی الجھن کا شکار ہیں اور ان کے بقول یہ وہ آخری چیز ہے جس کی مجھے اب ضرورت ہے، میں بہت تھک چکی ہوں، میرا وقت، توانائی اور وسائل سب کچھ ختم ہو رہا ہے۔
انجلینا اور بریڈ پٹ کی جوڑی 2004 میں منظر عام پر آئی تھی اور 2014 میں دونوں نے شادی کی تاہم یہ رشتہ صرف دو سال قائم رہ سکا۔ 2016 میں انجلینا نے علیحدگی کی درخواست دی جس کے بعد 2019 میں ان کی طلاق قانونی طور پر مکمل ہوئی۔
اگرچہ دونوں کی ازدواجی زندگی ختم ہو چکی ہے لیکن اب بھی وہ ایک فرانسیسی شراب خانے کی ملکیت کے حوالے سے عدالت میں برسرپیکار ہیں۔
بریڈ پٹ نے الزام لگایا تھا کہ انجلینا نے اپنی حصہ داری ایک تیسرے فریق کو غیر قانونی طور پر فروخت کر دی جس پر انہوں نے عدالت میں مقدمہ دائر کیا۔ انجلینا نے اس مقدمے کو خارج کروانے کی کوشش کی لیکن عدالت نے ان کی درخواست مسترد کر دی۔
حالیہ اطلاعات کے مطابق بریڈ پٹ نے عدالت سے مطالبہ کیا ہے کہ انجلینا کے نجی پیغامات تک رسائی دی جائے اور اسٹولی گروپ کے نمائندے الیکسی اولیئنک کو عدالت میں طلب کیا جائے تاکہ وہ انجلینا سے ہونے والی بات چیت پر گواہی دے سکیں۔
ذرائع کے مطابق انجلینا جولی اس وقت قانونی اخراجات کے بوجھ سے بھی سخت پریشان ہیں اور ان کے بچوں کی روزمرہ ضروریات بھی اس صورتحال سے متاثر ہو رہی ہیں۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








