کراچی اور اسلام آباد میں شہدائے اے ایس ایف کی سالانہ تقاریب کا انعقاد

تازہ ترین

تازہ ترین

اسلام آباد/ کراچی: شہدائے اے ایس ایف کی یاد میں ہیڈکوارٹرز سمیت فورس کے تمام یونٹس میں انتہائی عقیدت و احترام کے ساتھ سالانہ تقاریب کا انعقاد کیا گیا۔

ترجمان اے ایس ایف کے مطابق اس دن کی اہمیت کو اجاگر کرنے کے لیے ملک بھر کے تمام ائیرپورٹس پر منعقد کی جانے والی پروقار تقاریب میں چیف سکیورٹی آفیسرز اور آفیسرز کمانڈنگز نے اس دن کی مناسبت سے ڈائریکٹر جنرل کا خصوصی پیغام پڑھ کر سنایا۔

اس ضمن میں مرکزی تقریب اسلام آباد ایئرپورٹ کے اسد شاہنواز شہید اے ایس ایف کیمپ میں منعقد ہوئی۔

ڈائریکٹر جنرل اے ایس ایف میجر جنرل عدنان آصف جاہ شاد ہلال امتیاز ملٹری نے یادگار شہداء پر پھول چڑھائے اور شہداء کے درجات کی بلندی کیلئے دعا کی۔

یہ بھی پڑھیں:

اس دہائی کے سب سے مطلوب دہشتگرد ثناء اللہ غفاری کی افغانستان میں پراسرار ہلاکت

بعد ازاں تقریب میں ڈائریکٹر جنرل اے ایس ایف نے شہداء اے ایس ایف کی لازوال قربانیوں کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ 8 جون شہدائے اے ایس ایف کی تاریخ کا وہ روشن باب ہے جب اے ایس ایف کے شہداء اور غازیوں نے وطن عزیز کے ایئرپورٹس کی حفاظت کیلئے اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کیا۔

ڈائریکٹر جنرل اے ایس ایف نے مزید کہا کہ ہم نے وطن کے دفاع کی خاطر ماضی میں بھی قربانیاں دی ہیں اور آئندہ بھی مادر وطن کی خاطر کسی بھی قسم کی قربانی سے دریغ نہیں کیا جائیگا۔

انہوں نے کہا کہ اے ایس ایف کے افسران اور جوان ایئرپورٹس کی حفاظت کیلئے اپنی بہترین پیشہ ورانہ مہارت اور جذبہ ایمانی سے دشمن کی ہر تخریبی کوشش کو ناکام بنانے کیلئے ہمہ وقت تیار ہیں۔

Related Posts