لاہور: پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین اور سابق وزیراعظم عمران خان سمیت پی ٹی آئی رہنماؤں کے خلاف ایک اور مقدمہ تھانہ ریس کورس میں درج کرلیا گیا ہے۔
چیئرمین پی ٹی آئی پرمقدمہ ڈی ایس پی صابر علی کی مدعیت میں تھانہ ریس کورس میں درج کیا گیا ہے۔
ایف آئی آر کے مطابق مسلح افراد سمیت تین، چار سو افراد پر مشتمل جتھے نے ہنگامہ آرائی کی، جتھے میں شریک افراد قومی سلامتی کے اداروں کو دھمکیاں دے رہے تھے، پی ٹی آئی کارکن عمران خان، حسان نیازی، فرخ حبیب، فواد چوہدری، حماد اظہر، محمود الرشید اور اعجاز چوہدری کےکہنے پر اداروں کو دھمکیاں دیتے رہے۔
مقدمےکے مطابق پی ٹی آئی کے مشتعل افراد نے پولیس پر پتھراؤ کیا اور ڈنڈے برسائے جس میں 13 پولیس افسران اور اہلکار زخمی ہوئے، پی ٹی آئی کارکنوں کے پتھراؤ کی وجہ سے ان کے اپنے 6 کارکن بھی زخمی ہوئے۔
نگراں وزیر اعلیٰ کی پی ٹی آئی کارکن کے مبینہ قتل پر تحقیقات کی ہدایت
واضح رہے کہ گزشتہ روز تحریک انصاف نے آئین اور عدلیہ سے اظہار یکجہتی کے لیے ریلی نکالنے کا اعلان کیا تھا۔
صوبائی حکومت کی جانب سے دفعہ 144 نافذکی گئی تھی جس کی خلاف ورزی پر پی ٹی آئی کے37 کارکنوں کو گرفتار کیا گیا۔
پولیس ترجمان کا کہنا ہے کہ لاہور میں پی ٹی آئی کے کارکنوں کے حملوں میں 2 ڈی ایس پیز سمیت 11 اہلکار زخمی ہوئے ہیں جب کہ پی ٹی آئی نے مبینہ پولیس تشدد سے اپنے ایک کارکن کی ہلاکت کا بھی الزام لگایا ہے۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








