اسلام آباد :کورونا کی تباہ کاریاں کم نہ ہوسکیں، موذی وباء نے وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں ایک ڈاکٹر کی زندگی چھین لی، کے آر ایل اسپتال کے سینئر ڈاکٹر عمر فاروق برکی چل بسے۔
وفاقی دارالحکومت میں اس سے قبل متعدد ہیلتھ ورکرز کورونا کا شکار ہو کر جان کی بازی ہار گئےجبکہ آج ایک سینئر ڈاکٹر کا انتقال ہوگیا، آر ایل اسپتال میں ہی شعبہ پیتھالوجی کے سربراہ ڈاکٹر عمر فاروق برکی کورونا وائرس کا شکار ہو کر کے آر ایل اسپتال میں زیر علاج تھے ۔
پاکستان میں کورونا کے 2 ہزار 184 نئے کیسز رپورٹ ہوئے ہیں جبکہ گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 82 مزید شہری جاں بحق ہو گئے۔
سرکاری اعدادوشمار کے مطابق ملک بھر میں کورونا سے مجموعی طور پر 4لاکھ 84 ہزار 362 افراد متاثر ہوئے جبکہ وائرس سے متاثرہ 10 ہزار 258 افراد انتقال کرگئے۔
صوبہ پنجاب میں کورونا وائرس کے باعث گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 43 جبکہ صوبہ سندھ میں 22 افراد انتقال کر گئے۔