اسلام آباد: مہنگائی کی ماری عوام پر حکومت نے ایک مہنگائی بم گرا دیا ہے۔ اقتصادی رابطہ کمیٹی (ای سی سی) نے آٹے کے تھیلے کی قیمت میں 150 روپے، چینی 17 روپے اور گھی کی فی کلو قیمتوں میں 90 روپے اضافے کی منظوری دے دی ہے۔
وزیرخزانہ شوکت ترین کی زیرصدارت ای سی سی اجلاس میں اشیائے خوردونوش مہنگی کرنے کی منظوری دی گئی۔ چینی کی فی کلوقیمت میں 17 روپے کا اضافہ کردیا گیا۔
قیمتوں میں اضافے سے اب یوٹیلٹی اسٹور پر چینی 68 روپے کے بجائے 85 روپے کلو فی کلو میں دستیاب ہوگی، اسی طرح 20 کلو آٹے کا تھیلا مزید 150 روپے مہنگا کردیا گیا،اور اب 20 کلو آٹے کا تھیلا 800 روپے سے بڑھا کر950 روپے میں فروخت کیا جائے گا۔
اقتصادی رابطہ کمیٹی نے فی کلو گھی کی قیمت میں 90 روپے کا اضافہ کردیا ہے جس کے بعد اب 170 روپے کلو میں ملنے والا گھی اب 260 روپے فی کلو میں دستیاب ہوگا۔
وزیر خزانہ شوکت ترین کی زیر صدارت اجلاس میں دو لاکھ کاٹن بیلز کی درآمد اور 2 لاکھ ٹن چینی کی درآمد کی بھی منظوری دی گئی ہے۔
واضح رہے کہ وفاقی حکومت نے گذشتہ روز پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کا نوٹس فیکیشن جاری کیا تھا جس کے مطابق پیٹرول کی فی لیٹر قیمت میں 5 روپے 40 پیسے اضافہ کیا تھا جبکہ ہائی اسپیڈ ڈیزل کی قیمت میں 2 روپے 54 پیسے اضافہ کیا گیا تھا۔
مٹی کےتیل کی قیمت میں ایک روپے 39 پیسے فی لیٹر اضافے کی منظوری دی گئی ہے جبکہ لائٹ ڈیزل کی قیمت ایک روپے 27 پیسے بڑھائی گئی ہے۔