اسلام آباد: نیپرا نے بجلی صارفین کو ایک ہی روز میں دوسرا جھٹکا دیتے ہوئے 1000 روپے تک فکسڈ چارجز بھی منظور کر لیے جس سے بل میں مزید اضافے کا خدشہ ہے۔
نجی ٹی وی ڈان نیوز کا اپنی رپورٹ میں کہنا ہے کہ نیپرا نے یکم جولائی سے فکسڈ چارجز لگانے اور اضافے کی منظوری دی، گھریلو صارفین کے علاوہ دیگر صارفین کے فکسڈ چارجز میں 184 فیصد تک اضافہ منظور کر لیا گیا۔ ماہانہ 301 سے 400یونٹ استعمال کرنے والوں کو 200روپے فکسڈ چارجز دینا ہوں گے۔
اسی طرح ماہانہ 401 سے 500یونٹ استعمال کرنے پر 400، ماہانہ 501 سے 600 یونٹس پر 600 روپے، 601 سے 700 یونٹس پر 800، 700 یونٹ سے زائد استعمال پر 1000روپے فکسڈ چارجز عائد کیے جائیں گے۔صنعتی صارفین کو ماہانہ 184فیصد اضافی فکسڈ چارجز کی ادائیگی کرنا ہوگی۔
صنعتی صارفین ماہانہ فکسڈ چارجز 440 کی جگہ 1250روپے ادا کریں گے۔ کمرشل صارفین کے ماہانہ فکسڈ چارجز میں 150 فیصد اضافے کی منظوری دے دی گئی جن کے فکسڈ چارجز 500 سے بڑھ کر1 ہزار 250 روپے تک جا پہنچیں گے۔
نیپرا نے زرعی ٹیوب ویل صارفین کے ماہانہ فکسڈ چارجز میں بھی 100فیصد اضافہ منظور کر لیا جو 200 سے بڑھ کر 400روپے ہوجائیں گے۔ یاد رہے کہ اس سے قبل نیپرا نے بجلی کا بنیادی ٹیرف 7روپے 12پیسے تک بڑھانے کی حکومتی درخواست بھی منظور کی تھی۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








