ڈکی بھائی کی ایک اور ویڈیو وائرل! تشدد کیا گیا یا نہیں؟ یوٹیوبر کا کونسا ویڈیو بیان سچ پر مبنی

تازہ ترین

تازہ ترین

(فوٹو؛ فائل)

متنازعہ یوٹیوبر سعد الرحمان المعروف ڈکی بھائی کی دورانِ حراست بنائی گئی ایک ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہورہی ہے۔ ویڈیو میں ڈکی بھائی این سی سی آئی اے کے کمرے میں موجود ہیں جہاں تفتیشی افسر سرفراز چوہدری ان سے پوچھتے ہیں کہ کیا ان پر کوئی تشدد کیا گیا ہے جس پر ڈکی بھائی کہتے ہیں کہ ان پر تشدد نہیں کیا گیا۔

ویڈیو سامنے آنے کے بعد صارفین نے اس کے وقت اور مقصد پر سوال اٹھائے ہیں کیونکہ چند روز قبل ڈکی بھائی نے ایک تفصیلی ویڈیو میں دعویٰ کیا تھا کہ انہیں حراست کے دوران تشدد، ہراسانی اور بلیک میلنگ کا سامنا کرنا پڑا۔

ڈکی بھائی کا کہنا تھا کہ تفتیش کے دوران ان پر گالیاں دی گئیں، تھپڑ مارے گئے اور ان سے بھاری رقوم کا مطالبہ کیا گیا۔ انہوں نے دعویٰ کیا کہ ان کی بیوی کے خلاف مقدمہ بنانے کی دھمکی دے کر 60 لاکھ روپے لیے گئے جبکہ مزید 1.5 کروڑ روپے کا مطالبہ بھی کیا گیا۔

ویڈیو بیان میں انہوں نے یہ بھی کہا کہ ان کا بائنانس اکاؤنٹ زبردستی کھلوایا گیا اور 3 لاکھ 26 ہزار ڈالر ضبط کیے گئے۔

دوران حراست سامنے آئی ویڈیو کے بعد سوشل میڈیا صارفین دو حصوں میں بٹ گئے ہیں۔ کچھ لوگ ڈکی بھائی کے الزام کو درست سمجھ رہے ہیں جبکہ کچھ اسے تضاد قرار دے رہے ہیں۔

این سی سی آئی اے کے مطابق تفتیشی افسر سرفراز چوہدری سمیت کئی اہلکار پہلے ہی گرفتار ہیں اور معاملے کی انکوائری جاری ہے۔ ڈکی بھائی کو رواں سال اگست میں مبینہ طور پر جوئے ایپس کی تشہیر کے الزام میں گرفتار کیا گیا تھا اور انہیں گزشتہ ماہ ضمانت پر رہا کیا گیا۔

Related Posts