پاکستان مخالف پروپیگنڈا فلم ’’بارڈر 2‘‘ کی ریلیز روک دی گئی، جس کے باعث بھارت بھر میں صبح کے ابتدائی شوز منسوخ کر دیے گئے۔
بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق بالی ووڈ اداکار سنی دیول کی فلم ’’بارڈر‘‘ کے سیکوئل کے ذریعے بڑے پردے پر واپسی آج صبح شائقین کے شدید جوش و خروش کے ساتھ متوقع تھی۔
تاہم متعدد سینما گھروں کے بند ہونے کے باعث شائقین کو مایوسی کا سامنا کرنا پڑا اور فلم وقت پر ریلیز نہ ہو سکی، جس کے نتیجے میں مداح طویل انتظار کے بعد بھی فلم نہ دیکھ سکے۔
رپورٹس میں بتایا گیا ہے کہ ریلیز کے عمل کے دوران تکنیکی مسائل پیش آئے، جس کے باعث ’’بارڈر 2‘‘ کے ابتدائی شوز متاثر ہوئے۔
انوراگ سنگھ کی ہدایت کاری میں بننے والی فلم ’’بارڈر 2‘‘ میں سنی دیول کے ساتھ ورن دھون، دلجیت دوسانجھ اور اہان شیٹی مرکزی کردار ادا کر رہے ہیں۔
فلم کی کہانی ایک بار پھر 1971 کی پاک بھارت جنگ کے پس منظر میں ترتیب دی گئی ہے، جبکہ اکشے کھنہ، سنیل شیٹی اور سدیش بیری ڈیجیٹل ڈی ایجنگ ٹیکنالوجی کے ذریعے مختصر کرداروں میں نظر آئیں گے۔
’’بارڈر 2‘‘ آج پورے بھارت میں ریلیز ہونا تھی، تاہم آخری لمحات میں سامنے آنے والے تکنیکی مسائل کے باعث ملک بھر میں تمام شوز منسوخ کرنا پڑے۔
مختلف شہروں میں نمائش کرنے والوں نے تصدیق کی ہے کہ صبح 7:30 اور 8:00 بجے کے لیے مقررہ شوز منصوبے کے مطابق منعقد نہ ہو سکے۔
ٹریڈ رپورٹس کے مطابق فلم کا حتمی ورژن جمعرات کی رات گئے تک تیار نہیں ہو سکا تھا۔ مواد کی ترسیل کرنے والی کمپنی یو ایف او موویز نے سینما گھروں کو آگاہ کیا کہ فلم کا مواد متوقع وقت سے کہیں زیادہ تاخیر سے دستیاب ہوگا۔
سینما مالکان کو بھیجے گئے پیغام میں بتایا گیا کہ فلم کا ڈاؤن لوڈ صبح 6:30 بجے شروع ہوگا اور چونکہ فلم کا دورانیہ 192 منٹ ہے، اس لیے اسکریننگ کی تیاری میں چار گھنٹے تک لگ سکتے ہیں۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








