اسلام آباد: نگران وزیر اعظم انوار الحق کاکڑ نے کہا ہے کہ قائد اعظم کی زندگی اصول پسندی اور آئینی جدوجہد کا عملی نمونہ تھی، ان کی قیادت کے بغیر مسلمان آزاد ریاست حاصل نہیں کرسکتے تھے۔
تفصیلات کے مطابق قائدِ اعظم کے 75ویں یومِ وفات کے موقعے پر جاری پیغام میں نگران وزیر اعظم انوار الحق کاکڑ نے کہا کہ قائد اعظم کے بغیر مسلمان قوم آزاد ریاست کا خواب شرمندۂ تعبیر ہوتے دیکھ نہیں سکتی تھی۔ ملک اس وقت مشکل دور سے گزر رہا ہے۔
قائداعظم کا یومِ وفات آج منایا جارہا ہے
پیغام میں نگران وزیر اعظم نے کہا کہ مشکل دور سے گزرنے کیلئے اختلافات ختم کرکے ملک و قوم کی ترقی کیلئے دن رات محنت کرنا ہوگی۔ قائد اعظم کے اصول اتحاد، ایمان اور نظم تھے۔ کسی کو لسانی، طبقاتی، مذہبی اور عددی بنیاد پر فوقیت نہیں دی جاسکتی۔
نگران وزیر اعظم انوار الحق کاکڑ نے کہا کہ پاکستان کے آئین میں قائدِ اعظم کے 14 نکات کی درست معنوں میں نمائندگی کی گئی ہے۔ آئیے ہم اس عہد کی تجدید کرتے ہیں کہ اتحاد، نظم اور یقینِ محکم کے اصولوں پر عمل کرتے ہوئے ملک کی تعمیر و ترقی کے عمل کو آگے بڑھائیں گے۔
خیال رہے کہ بانئ پاکستان قائدِ اعظم محمد علی جناح کا 75واں یومِ وفات آج منایا جارہا ہے، بابائے قوم نے برصغیر کے مسلمانوں کی آزادی کیلئے انتھک جدوجہد کی اور ایسی عظیم قربانیاں دیں جنہیں بھلایا نہیں جاسکتا۔
قائدِ اعظم محمد علی جناح نے مسلمانانِ برصغیر کیلئے الگ وطن کے حصول اور اسلام کیلئے اس وطن کو تجربہ گاہ بنانے کیلئے اپنی پوری زندگی وقف کردی جبکہ آپ کی ہمشیرہ مادرِ ملت فاطمہ جناح نے اس مشکل سفر میں آپ کا ساتھ دیا۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








