کسی بھی جارحیت کا بھرپور جواب دیا جائے گا۔قومی سلامتی کمیٹی کا بھارت کو پیغام

تازہ ترین

تازہ ترین

نیشنل سکیورٹی کمیٹی
(فوٹو: بزنس ریکارڈر)

پہلگام واقعے کے بعد بھارت کی بڑھتی ہوئی اشتعال انگیزی کے پیش نظر قومی سلامتی کمیٹی کا ایک ہنگامی اجلاس اسلام آباد میں طلب کیا گیا، جس میں ملک کی داخلی سلامتی اور پورے خطے کی مجموعی صورتحال کا تفصیلی اور جامع جائزہ لیا گیا۔قومی سلامتی کمیٹی نے بھارت کو پیغام دیتے ہوئے کہا کہ کسی بھی جارحیت کا بھرپور جواب دیا جائے گا۔

اجلاس کے دوران بھارت کی حالیہ کارروائیوں کو غیر منصفانہ، یکطرفہ اور حقائق کے منافی قرار دیتے ہوئے مکمل طور پر مسترد کر دیا گیا۔ کمیٹی نے اس بات پر زور دیا کہ بھارت کی جانب سے خود کو مظلوم کے طور پر پیش کرنے کی کوشش اب کسی طور قابلِ قبول نہیں رہی۔

قومی سلامتی کمیٹی نے واضح مؤقف اختیار کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان اور اس کی مسلح افواج ملک کی خودمختاری اور جغرافیائی سرحدوں کے تحفظ کیلئے پوری طرح تیار ہیں، اور کسی بھی جارحیت یا مہم جوئی کا مؤثر اور فوری جواب دیا جائے گا۔

اجلاس میں مقبوضہ جموں و کشمیر کے عوام کے حقِ خودارادیت کی حمایت کو ایک بار پھر دہرایا گیا، اور کہا گیا کہ وہاں پیدا ہونے والا موجودہ بحران بھارت کے اقدامات اور انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں کا براہ راست نتیجہ ہے۔

کمیٹی نے بھارت کی آبی حکمت عملی کو سختی سے رد کرتے ہوئے واضح کیا کہ پاکستان اپنے آبی حقوق پر کسی صورت سمجھوتا نہیں کرے گا، اور پانی کے بہاؤ میں رکاوٹ یا مداخلت کو انتہائی سنجیدہ اقدام تصور کیا جائے گا۔ آخر میں اس عزم کا اعادہ کیا گیا کہ پاکستان امن کا خواہاں ہے، تاہم اپنی سلامتی، خودمختاری اور قومی وقار کے تحفظ کیلئے کوئی بھی ضروری اقدام اٹھانے سے گریز نہیں کیا جائے گا۔

Related Posts