وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں سوشل میڈیا انفلوئنسر خرم نذیر کو ترنول پھاتک کو آبنائے ہرمز قرار دینے اور لوگوں کو اسے بند کرنے پر اکسانے کے جرم میں گرفتار کرلیا گیا۔
تفصیلات کے مطابق اسلام آباد پولیس نے دفعہ 144 کی خلاف ورزی کرتے ہوئے ترنول پھاٹک بند کرنے پر اکسانے کے الزام میں خرم نذیر کو گرفتار کیا۔ پولیس نے واقعے کا مقدمہ بھی درج کرلیا ہے جس میں کہا گیا ہے کہ سوشل میڈیا پوسٹ میں ملزم نے لکھا تھا کہ ترنول پھاٹک بھی آبنائے ہرمز سے کم نہیں۔
مقدمے کے متن کے مطابق خرم نذیر کا ماننا ہے کہ اگر ترنول پھاٹک کو بند کردیا جائے تو اس سے عوام کے مسائل حل ہوسکتے ہیں، اور یہ بات ملزم نے اپنی سوشل میڈیا پوسٹ میں نہ صرف تحریر کی بلکہ موقعے پر پہنچ کر لوگوں سے اس بات کی تصدیق کرنے لگا کہ آیا ترنول پھاٹک بند کردینی چاہئے یا نہیں۔
متن کے مطابق موجودہ سکیورٹی صورتحال کے پیش نظر مجاز اتھارٹی نے دفعہ 144 نافذ کر رکھی ہے، جس کے باوجود ملزم نے قانون کی پروا نہ کرتے ہوئے عوام کو پھاٹک بند کرنے پر اکسانے کی کوشش کی۔ واقعے ک امقدمہ اے ایس آئی شاہد اصغر کی مدعیت میں درج کیا گیا ہے۔ واقعے کی مزید تفتیش جاری ہے۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








