بالی وڈ کے معروف ڈائریکٹر انیل شرما نے اداکار دھرمیندر کے انتقال کے بعد فلم اپنے 2 پر کام بند کردیا۔ انہوں نے کہا کہ دھرم جی کے بغیر یہ فلم بنانا ناممکن ہے۔ اداکار دھرمیندرا فلم میں مرکزی کردار ادا کرنے والے تھے تاہم 24 نومبر 2025 کو طویل بیماری کے باعث انتقال کرگئے تھے۔
ہدایت کار انیل شرما نے ہندوستان ٹائمز کو دیے گئے انٹرویو میں بتایا کہ اسکرپٹ مکمل تھا جبکہ ٹیم بہت پرجوش تھی اور سب کچھ تیار تھا مگر دھرم پاجی کی عدم موجودگی نے سب کچھ رکوا دیا۔
انہوں نے جذباتی لہجے میں کہاکہ اپنے تو اپنوں کے بغیر نہیں ہوسکتی۔دھرم جی کے بغیر یہ سیکوئل بنانا ناممکن ہے۔ انیل نے مزید کہا کہ کچھ خواب ادھورے ہی رہ جاتے ہیں۔ دھرمیندرا ان کے لیے صرف ایک اداکار نہیں بلکہ خاندان اور ایک لازوال قوت تھے۔
انیل شرما اور دھرمندرا کی طویل شراکت داری رہی ہے۔ انہوں نے مل کر حکومت، علام جنگ، فرشتے، تہلکہ اور فلم اپنے جیسی کئی فلموں میں کام کیا۔ انیل نے دھرمیندرا کو اپنے خاندان کا حصہ قرار دیا اور کہا کہ ان کی وفات نے ایک دور کا خاتمہ کر دیا ہے۔
فلم پر اثرات
فلم اپنے 2 ۔ 2007 کی فیملی ڈرامہ فلم اپنے کا سیکوئل ہونا تھا جس میں دیول خاندان کی تین نسلوں کو دکھایا جانا تھا دھرمیندرا، سنی دیول، بابی دیول اور کارن دیول۔ یہ بالی ووڈ میں نایاب ملٹی جنریشنل کولابریشن ہوتا۔ فلم کا اعلان کئی سال پہلے ہوا تھا مگر شوٹنگ شروع نہ ہو سکی اور اب یہ ہمیشہ کے لیے منسوخ ہو گئی۔
آنجہانی دھرمیندرا کی آخری ریلیز ہونے والی فلم اکیس ہوگی جو سرام راگھون کی ہدایات میں بن رہی ہے۔ اس میں اگستیا نندا مرکزی کردار میں ہیں۔ فلم 25 دسمبر 2025 کو ریلیز ہوگی جو دھرمندرا کی وفات کے بالکل ایک ماہ بعد ہے۔ پوسٹر پر انہیں ایموشنل پاور ہاؤس کہا گیا ہے، جو ایک 21 سالہ لازوال فوجی کے والد کا کردار ادا کر رہے ہیں۔
وزیر اعظم نریندر مودی نے بھی خراج عقیدت پیش کیا اور کہا کہ دھرمندرا کی وفات سے بھارتی سنیما میں ایک دور کا خاتمہ ہو گیا۔ ان کی ورسٹائلٹی، کشش اور جذباتی گہرائی نسلوں کو متاثر کرتی رہے گی۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








