ایپل کا پہلا فولڈ ایبل آئی فون، جسے ممکنہ طور پر “آئی فون الٹرا” کا نام دیا جا سکتا ہے، بظاہر کمپنی کے لیے ایک ایسا راز بن چکا ہے جسے مکمل طور پر چھپانا ممکن نہیں رہا۔
حالیہ دنوں میں اس ڈیوائس سے متعلق متعدد لیکس اور افواہیں سامنے آ چکی ہیں، اور اب اس کا ڈیزائن بھی ڈمی یونٹ کی صورت میں منظرِ عام پر آ گیا ہے۔
جیو نیوز کی رپورٹ کے مطابق ایک یوٹیوب ویڈیو میں فولڈ ایبل آئی فون کے ڈمی یونٹس دکھائے گئے، جن میں ڈیوائس کے ممکنہ ڈیزائن اور فیچرز کی جھلک پیش کی گئی۔ ویڈیو کے مطابق والیوم بٹنز فون کے اوپری حصے میں دیے جائیں گے جبکہ اسپیکرز مخالف کونوں پر موجود ہوں گے، جو آواز کے بہتر تجربے میں مدد دے سکتے ہیں۔
فون کے بیک پینل پر ایپل کے روایتی ڈیزائن کے مطابق دو کیمرہ لینز موجود ہوں گے۔ ڈمی یونٹ سے یہ بھی عندیہ ملتا ہے کہ بند حالت میں یہ فون چوکور شکل اختیار کرے گا، جبکہ کھلنے پر کسی جدید ٹیبلیٹ جیسا نظر آئے گا۔ یہ ڈیوائس کتاب کی طرح فولڈ ہوگی، جو اسے دیگر فولڈ ایبل فونز سے منفرد بناتی ہے۔

ڈیزائن کے لحاظ سے یہ فون مارکیٹ میں موجود دیگر کمپنیوں کے فولڈ ایبل اسمارٹ فونز سے مختلف ہوگا۔ اس کی چوڑائی زیادہ اور لمبائی نسبتاً کم رکھی گئی ہے، جبکہ کھلنے پر یہ آئی پیڈ جیسا تجربہ فراہم کر سکتا ہے۔
لیک معلومات کے مطابق فولڈ ہونے کی حالت میں فون کی لمبائی 117.71 ملی میٹر اور چوڑائی 84.27 ملی میٹر ہوگی۔ اس کے علاوہ، ان فولڈ کرنے پر یہ 7.8 انچ بڑی اسکرین کے ساتھ دستیاب ہوگا، جبکہ بند حالت میں 5.5 انچ ڈسپلے فراہم کرے گا۔
فیچرز کے حوالے سے بتایا جا رہا ہے کہ اس میں ایپل کی نئی A20 Pro چپ شامل ہوگی، جبکہ 5500 ایم اے ایچ بیٹری دیے جانے کا امکان ہے، جو طویل بیٹری لائف فراہم کر سکتی ہے۔

بند ہونے پر فون ایسا نظر آئے گا / اسکرین شاٹ
کیمرا سیٹ اپ کے حوالے سے اطلاعات ہیں کہ اس کا ڈیزائن آئی فون ایئر سے ملتا جلتا ہوگا، تاہم مکمل بلیک فنش کے ساتھ پیش کیا جائے گا۔ اس میں دو کیمرے، ایک مائیکرو فون اور فلیش شامل ہوں گے، جس سے یہ ڈیوائس مجموعی طور پر آئی پیڈ پرو جیسی لگ سکتی ہے۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








