ایپل کی سِری کا جھوٹا دعویٰ پکڑا گیا! کمپنی صارفین کو 250 ملین ڈالر ادا کرے گی

تازہ ترین

تازہ ترین

(فوٹو؛ فائل)

امریکی ٹیکنالوجی کمپنی ایپل نے اپنے وائس اسسٹنٹ سِری کی مصنوعی ذہانت( اے آئی) خصوصیات سے متعلق دائر ایک کلاس ایکشن مقدمے کو 250 ملین ڈالر میں طے کر لیا ہے۔

یہ مقدمہ صارفین کی جانب سے دائر کیا گیا تھا جنہوں نے الزام عائد کیا تھا کہ ایپل نے 2024 میں آئی فون 15 اور آئی فون 16 کی تشہیر کے دوران سِری کے جدید اے آئی فیچرز کے بارے میں غلط یا گمراہ کن دعوے کیے تھے۔ شکایت کنندگان کے مطابق کمپنی نے ایسے فیچرز کی موجودگی کا تاثر دیا جو وقت پر دستیاب نہیں ہو سکے۔

معاہدے کے تحت ایپل نے کسی بھی غلطی یا قانونی ذمہ داری کو تسلیم نہیں کیا تاہم کیس کے تصفیے پر رضامندی ظاہر کی ہے تاکہ طویل عدالتی کارروائی سے بچا جا سکے۔

اطلاعات کے مطابق یہ معاہدہ امریکہ میں تقریباً 3 کروڑ 60 لاکھ ڈیوائسز کے صارفین کو متاثر کر سکتا ہے۔ اہل صارفین کو فی ڈیوائس 25 سے 95 ڈالر تک معاوضہ ملنے کا امکان ہے جس کا انحصار دعووں کی تعداد اور دیگر شرائط پر ہوگا۔

یہ معاملہ ایپل کی “Apple Intelligence” حکمت عملی اور اس کے اے آئی فیچرز کی تاخیر سے بھی جڑا ہوا ہے جس پر ٹیکنالوجی کی دنیا میں کافی بحث جاری ہے۔

معاہدہ ابھی عدالت کی حتمی منظوری سے مشروط ہے جس کے بعد ادائیگیوں کا عمل شروع ہوگا۔

Related Posts