بحیرۂ عرب میں کم دباؤ کا نظام ڈپریشن میں تبدیل، کراچی کو کتنا خطرہ؟

تازہ ترین

تازہ ترین

Arabian Sea Tropical Depression 1004Km south of Karachi
FILE PHOTO

کراچی کے جنوب میں بحیرۂ عرب میں بننے والا کم دباؤ کا نظام ایک ڈپریشن کی شکل اختیار کرچکا ہے جو اس وقت شہر سے تقریباً ایک ہزار چار کلومیٹر کے فاصلے پر جنوب مشرق میں واقع ہے۔

محکمہ موسمیات کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران یہ نظام شمال مغرب کی سمت میں پیش رفت کر رہا ہے۔

محکمۂ موسمیات نے ہفتہ کو جاری کردہ اپنے چوتھے الرٹ میں بتایا کہ یہ ڈپریشن بھارتی شہر ممبئی کے جنوب مغرب میں تقریباً 400 کلومیٹر کے فاصلے پر بحیرۂ عرب کے مشرقی اور مرکزی حصے میں موجود ہے۔

اگلے 24 گھنٹوں میں اس کے مزید شمال مغرب کی جانب بڑھنے کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔

کراچی میں قائم سائیکلون وارننگ سینٹر کے مطابق اس وقت پاکستان کے کسی بھی ساحلی علاقے کو اس موسمی نظام سے کوئی خطرہ نہیں ہے، تاہم ماہرین اس کے اثرات پر مسلسل نظر رکھے ہوئے ہیں۔

قبل ازیں جمعرات کے روز یہ علاقہ کم دباؤ کے زیر اثر تھا جو رفتہ رفتہ شدت اختیار کرتا ہوا ڈپریشن میں تبدیل ہوگیا۔

اس وقت اس کا مرکز 8.6 درجے شمالی عرض البلد اور 67.6 درجے مشرقی طول البلد پر تھا جو کراچی سے تقریباً 1800 کلومیٹر جنوب مشرق میں واقع تھا۔

گزشتہ مہینے اکتوبر میں بھی بحیرۂ عرب میں ایک کم دباؤ کا نظام ڈپریشن میں بدل گیا تھا جو کراچی سے 440 کلومیٹر کے فاصلے پر جنوب میں موجود تھا۔

اس کے باعث سندھ کے ساحلی علاقوں میں سمندری لہریں بلند ہوگئی تھیں اور موسم میں خاصی خرابی دیکھی گئی تھی۔

بعد ازاں وہ نظام مزید شدت اختیار کرتا ہوا ایک طاقتور سمندری طوفان شکتی کی صورت میں بحیرۂ عرب کے مغربی و شمال مغربی حصے کی جانب بڑھ گیا تھا۔

Related Posts