ایک اور لاک ڈاؤن کیلئے تیار ہیں؟ جانیے حکومت کیا پلان بنا رہی ہے

تازہ ترین

تازہ ترین

(فوٹو؛ فائل)

سندھ حکومت نے موجودہ خطے کی کشیدہ صورتحال کے پیش نظر ممکنہ اقدامات پر غور شروع کر دیا ہے جن میں اسمارٹ لاک ڈاؤن بھی شامل ہے۔ صوبائی وزیر سید ناصر حسین شاہ نے سکھر میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ بدلتی ہوئی صورتحال کے باعث حکومت مختلف آپشنز کا جائزہ لے رہی ہے۔

انہوں نے کہا کہ خطے میں کشیدگی کے تناظر میں روزانہ کی بنیاد پر اجلاس منعقد کیے جا رہے ہیں تاکہ حالات کا جائزہ لے کر بروقت فیصلے کیے جا سکیں۔ ان کا کہنا تھا کہ سرکاری گاڑیوں کے پٹرول کوٹے میں پہلے ہی 60 فیصد تک کمی کی جا چکی ہے جس کا مقصد ایندھن کی بچت ہے۔

صوبائی وزیر نے واضح کیا کہ موجودہ حالات معمول کے مطابق نہیں ہیں اور اگر صورتحال مزید طول پکڑتی ہے تو اس کے اثرات ہر شعبے پر پڑ سکتے ہیں۔ ان کے مطابق حکومت اس بات کو یقینی بنانے کے لیے اقدامات کر رہی ہے کہ ایندھن کا استعمال کم سے کم ہو اور وسائل کا بہتر استعمال ممکن بنایا جا سکے۔

ناصر حسین شاہ نے مزید کہا کہ موجودہ حالات میں فوری اور مؤثر فیصلوں کی ضرورت ہے تاکہ ممکنہ مشکلات سے بچا جا سکے اور عوام کو ریلیف فراہم کیا جا سکے۔

دوسری جانب وفاقی حکومت کی جانب سے بھی ممکنہ اقدامات پر غور کیا جا رہا ہے جس میں اسمارٹ لاک ڈاؤن کی تجویز بھی شامل ہے جبکہ تعلیمی ادارے 15 اپریل تک بند رکھنے پر بھی غور کیا جا رہا ہے۔

Related Posts