سندھ اسمبلی کے نو منتخب ارکان حلف اٹھا چکے ہیں، اس دوران اسمبلی سے باہر سیاسی جماعتوں کا فراڈ الیکشن نتائج کیخلاف مظاہرے جاری رہے، تاہم نو منتخب ارکان باہر کے اس شور بے ہنگام سے بے خبر، غریب و بدحال قوم کے خرچے پر مال مفت دل بے رحم کے مصداق شاہی کھانوں سے لطف اندوز ہوتے رہے۔
آج اسپیکر آغا سراج درانی کی زیر صدارت سندھ اسمبلی کا اجلاس 40 منٹ کی تاخیر سے شروع ہوا، اجلاس کا باقاعدہ آغاز تلاوت قرآن پاک سے ہوا جس کے بعد نعت رسول مقبول ﷺ پیش کی گئی۔
آغا سراج درّانی نے نو منتخب ارکان سندھ اسمبلی سے حلف لیا، حلف لینے والوں میں نامزد وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ، فریال تالپور، شرجیل میمن، ناصر حسین شاہ اور دیگر بھی شامل تھے۔
حلف برداری کے بعد نو منتخب ارکان کیلئے انتہائی پرتکلف ظہرانے کا اہتمام کیا گیا تھا، جس میں میں مچھلی، چکن کڑاہی، چکن بوٹی، تکّے، پوری پراٹھے، چکن قورمہ، روغنی نان، چائے اور کولڈ ڈرنک جیسے اعلیٰ لوازمات شامل تھے۔
حلف لینے کے بعد ارکان اسمبلی نے اس کی پروا کیے بغیر کہ اس الیکشن کے حوالے سے کس قدر تنازعات ہیں، سیاسی جماعتوں میں کس قدر اضطراب ہے اور ملکی معیشت کی ابتر صورتحال کے باعث قومی خزانہ کس حالت میں ہے، شاہی کھانے پر ٹوٹ پڑے اور کھا پی کر گھروں کو روانہ ہوگئے۔ اللہ اللہ خیر صلا۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








