دنیا بدستور تماشائی، اسرائیلی جارحیت میں شہید فلسطینیوں کی تعداد 30 ہزار تک پہنچ گئی

تازہ ترین

تازہ ترین

فلسطینی وزارت صحت نے اعلان کیا ہے کہ ساڑھے چار ماہ سے جاری اسرائیل کی وحشیانہ جارحیت کے نتیجے میں غزہ میں اب تک بچوں اور خواتین سمیت ساڑھے 29 ہزار سے زیادہ فلسطینی شہید ہوچکے ہیں۔

وزارت صحت کے تازہ جاری کیے گئے اعدادو شمار کے مطابق شہدا کی تعداد 29606 ہوچکی ہے، جبکہ زخمیوں کی تعداد 69737 ہے۔ یہ تعداد سات اکتوبر سے مسلسل اسرائیلی بمباری اور حملوں کا نتیجہ ہے۔

جبکہ پچھلے چوبیس گھنٹوں کے دوران فلسطینی ہلاکتوں کی تعداد 92 رہی ہے۔ واضح رہے ان ہلاکتوں میں سب سے زیادہ تعداد فلسطینی بچوں اور عورتوں کی ہے۔

دوسری جانب عالمی عدالت انصاف میں فلسطینی علاقوں پر اسرائیلی قبضے کے خلاف سماعت کے پانچویں روز گزشتہ دن پاکستان، نمیبیا، سلطنت عُمان سمیت دیگر ممالک نے دلائل دیے۔

پاکستان کے نگراں وزیر قانون و انصاف احمد عرفان اسلم نے عالمی عدالت میں پاکستان کا موقف عمدہ دلائل اور پوری جرات کے ساتھ پیش کیا۔

پاکستانی نمائندے نے کہا کہ اسرائیلی بستیاں بین الاقوامی قوانین کے خلاف قرار دی جا چکی ہیں۔ 1960 میں الجیریا میں فرانس کی بستیاں ختم کی گئیں اور لاکھوں فرانسیسی آباد کاروں کو وہاں سے نکالا گیا۔

احمد عرفان اسلم نے اپنے دلائل میں کہاکہ اسرائیل فلسطینیوں کے خلاف مذہبی اور نسلی بنیادوں پر تعصب کا ارتکاب کر رہا ہے۔

پاکستانی نمائندے نے کہاکہ بیت المقدس کا شہر تینوں ابراہامی مذہب کے لیے مقدس ہے اور تینوں مذہب کے افراد کے شہر میں داخل کا تاریخی حق موجود ہے، لیکن اسرائیلی قبضے کے دوران عیسائیوں کو بھی بیت المقدس کے گرجا گھروں اور مسلمانوں کو مسجد اقصیٰ میں عبادت کی اجازت نہیں دی جا رہی، یہ معاملہ پاکستان کے لیے بہت اہم ہے جو آبادی کے لحاظ سے دنیا کا دوسرا بڑا ملک ہے۔

Related Posts