کراچی: وفاق المدارس العربیہ پاکستان کے تحت کراچی میں کل پانچ جنوری بروز بدھ خدمات مدارس دینیہ کنونشن کے انتظامات اور تیاریاں مکمل کرلی گئیں۔کنونشن جامعہ دارالعلوم کراچی میں ہوگا۔
میڈیا کوآرڈینیٹر وفاق المدارس مولانا طلحہ رحمانی کے مطابق کنونشن صدر وفاق مولانا مفتی محمد تقی عثمانی کی صدارت میں ہوگا۔جس کے مہمان خصوصی ناظم اعلی وفاق المدارس مولانا محمد حنیف جالندھری ہونگے۔
ناظم صوبہ سندھ مولانا امداد اللہ یوسف زئی کی زیر نگرانی ھونے والے اس تاریخ ساز کنونشن سے سینئر نائب صدر مولانا مولانا انوار الحق حقانی،مولانا سید سلیمان بنوری،مولانا عبیداللہ خالد،مولانا سعید یوسف سمیت دیگر مشائخ و اراکین عاملہ بھی خطاب کریں گے۔
کنونشن میں وفاق المدارس کے گزشتہ دو سالوں کے امتحانات میں ایک سو چھ (106) پوزیشن حاصل کرنے والے خوش نصیب طلباء وطالبات کو انعامات سے نوازا جائے گا۔جس میں طلباء اپنا انعام خود وصول کریں گے جبکہ طالبات کے انعام ان کے سرپرست حضرات کو دیا جائے گا۔
نیز جن اٹھائیس (28) اداروں کے طلباء وطالبات کی پوزیشنیں آئی ہیں ان کو بھی وفاق المدارس کی جانب سے نشان اعزاز دیا جائے گا۔
پاکستان میں ہزاروں مدارس دینیہ کے سب سے بڑے تعلیمی بورڈ وفاق المدارس کی ہمہ جہت تعلیمی وملی مثالی خدمات کو اجاگر کرنے کے ساتھ مدارس کے مابین باھمی تعلق و ربط کو مزید فعال اور مضبوط بنانے کے حوالہ سے کی جانے والی کوششوں سے بھی شرکاء کو آگاہ کیا جائے گا۔
مولانا رحمانی نے مزید بتایا کہ کنونشن کے منتظم مولانا راحت علی ہاشمی کی سربراہی میں جامعہ دارالعلوم کراچی میں اجلاس ہوا جس میں انتظامات کے تمام پہلوؤں کا مفصل جائزہ لیکر تیاریوں کو حتمی شکل دی گئی۔
شرکائے کنونشن سے کہا گیا ہے کہ وقت کی پابندی کو یقینی بناتے ہوئے اپنے متعلقہ اضلاع کے قائم کاؤنٹر سے کنونشن کا داخلہ پاس حاصل کریں،ایک دعوت نامہ پر ایک ھی پاس جاری کیا جائے گا۔
مزید پڑھیں: وفاق المدارس کے مختلف مناصب کیلئے اہم شخصیات کا انتخاب
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








