پی ٹی آئی کی 24 نومبر کی فائنل کال قریب آتے ہی حکومت نے بڑے پیمانے پر کریک ڈاؤن اور پارٹی رہنماؤں اور کارکنوں کی گرفتاریاں شروع کر دی ہیں۔
نجی ٹی وی کی رپورٹ کے مطابق تحریک انصاف نے 24 نومبر کو احتجاج کے اعلان کے بعد اسلام آباد میں داخل ہونے کی حکمت عملی طے کرلی ہے، جس کے مطابق 24 نومبر کو اسلام آباد پر چاروں اطراف سے دھاوا بولا جائے گا۔
نجی ٹی وی کی رپورٹ میں ذرائع کے حوالے سے بتایا گیا کہ پی ٹی آئی کی قیادت نے فیصلہ کیا ہے وہ ہر صورت اسلام آباد پہنچیں گے، اس حوالے سے اسلام آباد اور راولپنڈی ریجن کی پارٹی قیادت کو اہم ذمہ داریاں بھی سونپ دی گئی ہیں۔
دوسری جانب ہفتہ اور اتوار کی درمیانی شب قانون نافذ کرنے والے اداروں کی جانب سے راولپنڈی، اسلام آباد اور لاہور میں متعدد چھاپے مارے گئے، جس کے نتیجے میں پی ٹی آئی کے متعدد ارکان کو حراست میں بھی لیا گیا ہے۔
رپورٹ کے مطابق پولیس کے چھاپوں کی سی سی ٹی وی فوٹیج سامنے آئی ہیں جس میں پولیس اہلکاروں کو پی ٹی آئی رہنماؤں کی رہائش گاہوں پر چھاپے مارتے ہوئے دکھایا گیا ہے۔
این اے 48 راولپنڈی میں پی ٹی آئی کے سیکریٹری جنرل راجہ غضنفر کو گرفتار کرلیا گیا جبکہ مرکزی رہنما شعیب شاہین کی رہائش گاہ پر بھی چھاپہ مارا گیا ہے۔
لاہور میں پولیس کی بھاری نفری نے میاں محمود الرشید کے گھر پر چھاپا مارا ہے۔ ان کے بیٹے ڈاکٹر حسن کے مطابق میاں محمود الرشید گزشتہ 18 ماہ سے جیل میں ہیں لیکن اس کے باوجود پولیس ان کے گھر پر چھاپے مار رہی ہے۔ انہوں نے بتایا کہ گھر پر صرف میری والدہ ہیں جبکہ میں خیبر پختونخوا میں ہوں۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








