اسلام آباد: پاکستان تحریکِ انصاف (پی ٹی آئی) نے پاکستان پیپلزپارٹی (پی پی پی) کو حکومت کے خلاف تحریکِ عدم اعتماد لانے کی صورت میں مکمل حمایت کی پیشکش کر دی ہے۔
یہ پیشکش پی ٹی آئی کے سینئر رہنما اور سابق اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر کی جانب سے سامنے آئی۔اسد قیصر نے اپنے بیان میں کہاکہ اگر پیپلزپارٹی واقعی سنجیدہ ہے تو تحریکِ عدم اعتماد لے آئے، ہم اس کی حمایت کریں گے۔
یہ پیشرفت ایسے موقع پر سامنے آئی ہے جب مسلم لیگ (ن) اور پیپلزپارٹی کے درمیان کشیدگی میں اضافہ ہوا ہے، خصوصاً پنجاب کی وزیرِاعلیٰ مریم نواز کے حالیہ بیانات کے بعد جنہوں نے پیپلزپارٹی کی قیادت کو سخت ناراض کر دیا۔
گزشتہ جمعہ کو قومی اسمبلی کے اجلاس کے دوران پیپلزپارٹی کے ارکان نے احتجاجاً واک آؤٹ کیا تھا تاہم حکومتی اراکین کی یقین دہانی کے بعد وہ دوبارہ ایوان میں واپس آئے جبکہ آج بھی پیپلز پارٹی نے سینیٹ اجلاس سے واک آؤٹ کیا۔
دوسری جانب پنجاب کی وزیرِ اطلاعات عظمیٰ بخاری نے واضح کیا کہ وزیراعلیٰ مریم نواز اپنے بیان پر کسی سے معافی نہیں مانگیں گی۔ انہوں نے کہا کہ پیپلزپارٹی اپنی کارکردگی بہتر بنائے، مسلم لیگ (ن) اپنا کام بخوبی کر رہی ہے۔
عظمیٰ بخاری نے چولستان واٹر کینال کے معاملے کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ پنجاب نے سندھ کے احتجاج کے باوجود پیچھے ہٹ کر صبر کا مظاہرہ کیا۔
انہوں نے مزید کہا کہ مریم نواز کو پنجابی عوام کے حقوق کے لیے کام کرنے پر معافی مانگنے کی ضرورت نہیں بلکہ سندھ کو بھی لاہور کی ترقی سے سبق سیکھنا چاہیے اور کراچی کو یورپ جیسا شہر بنانا چاہیے۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








