کراچی: سندھ حکومت نے صوبے بھر میں آٹے کی قیمتوں کو مستحکم رکھنے کے لیے 100 کلو آٹے کی بوری کی قیمت 9 ہزار 500 روپے مقرر کر دی ہے جبکہ کابینہ نے گندم ریلیز پالیسی 2025-26 کی منظوری بھی دے دی۔ یہ فیصلے وزیراعلیٰ سندھ کی زیرِ صدارت صوبائی کابینہ کے اجلاس میں کیے گئے۔
اجلاس میں طے پایا کہ گندم کی قیمتوں میں استحکام لانے کے لیے حکومت 12 لاکھ 65 ہزار ٹن گندم جاری کرے گی، جس کی فی 100 کلو بوری کی قیمت 9 ہزار 500 روپے مقرر کی گئی ہے۔
وزیراعلیٰ سندھ نے اجلاس کے دوران واضح کیا کہ ذخیرہ اندوزی کسی صورت برداشت نہیں کی جائے گی اور ایسے عناصر کے خلاف سخت کارروائی ہوگی۔
کابینہ نے سندھ انٹرپرائز ڈویلپمنٹ فنڈ اور سندھ آئی ٹی کمپنی بورڈ کی از سرِ نو تشکیل کی منظوری بھی دے دی جبکہ سینئر سٹیزن کونسل کی تنظیمِ نو کا فیصلہ کیا گیا تاکہ بزرگ شہریوں کی فلاح و بہبود کے لیے زیادہ مؤثر اقدامات کیے جا سکیں۔
اس کے علاوہ سندھ کابینہ نے پاکستان اسٹیل ملز کے زیرِ انتظام آغوش اسپیشل چلڈرن اسکول کو سندھ حکومت کے حوالے کرنے کی منظوری بھی دی تاکہ خصوصی بچوں کی تعلیم اور سہولیات میں بہتری لائی جا سکے۔
اسی طرح لیفٹ بینک آؤٹ فال ڈرین کے 78 عارضی ملازمین کو مستقل کرنے کی بھی منظوری دی گئی۔
یہ امر قابلِ ذکر ہے کہ سرکاری اور نجی دونوں شعبوں میں گندم کے ذخائر وافر مقدار میں موجود ہونے کے باوجود سندھ میں آٹے کی قیمتوں میں دوبارہ اضافہ دیکھنے میں آ رہا ہے، جس سے مہنگائی کے شکار عوام میں تشویش بڑھ گئی ہے۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








