ممبئی: مشہور بھارتی اداکار رگھو جویال نے نیٹ فلکس کی سیریز میں اپنی کامیاب اداکاری کے بعد ایک دلچسپ واقعہ شیئر کیا ہے جو ان کے شاہ رخ خان کے گھر منت کے دورے سے متعلق ہے۔
انہوں نے بتایا کہ جب وہ پہلی بار آریان خان سے ملاقات کے لیے منت گئے تو وہاں کا ماحول اور سکیورٹی دیکھ کر حیران رہ گئے۔
رگھو جویال کے مطابق گھر کے اندر داخل ہونے سے پہلے انہیں ایک سکیورٹی اسکینر سے گزرنا پڑا، بالکل ایسے جیسے ہوائی اڈے پر سکیورٹی چیک ہوتی ہے۔ انہوں نے ہنستے ہوئے کہا کہ شاید عملے کو لگا ہو کہ وہ کوئی نیا چہرہ ہے جو کام کی تلاش میں آیا ہے۔
انہوں نے مزید بتایا کہ ملاقات کے دوران ان سے ایک چھوٹی مگر مضحکہ خیز غلطی ہو گئی۔
جویال نے آریان سے پوچھ لیا کہ آپ کا کمرہ کون سا ہے؟ مگر فوراً ہی انہیں احساس ہوا کہ شاہ رخ خان کے گھر میں کوئی کمرہ نہیں ہوتا بلکہ یہاں ہر فرد کی اپنی منزل ہوتی ہے۔
اس پر آریان خان مسکرا دیے اور انہیں اپنی مخصوص منزل پر لے گئے جہاں دونوں نے سیریز کے بارے میں تفصیلی گفتگو کی۔
رگھو جویال نے ہنستے ہوئے بتایا کہ منت سے نکلنے کے فوراً بعد انہوں نے اپنی والدہ کو فون کیا۔ والدہ نے پُرجوش انداز میں گھر کے اندرونی حصے کے بارے میں پوچھا تو انہوں نے مذاق میں کہا، میں وہاں مکان خریدنے نہیں گیا تھا، کام کی بات کرنے گیا تھا۔
رگھو جویال کو نیٹ فلکس سیریز میں اپنی شاندار اداکاری پر وسیع پیمانے پر سراہا جا رہا ہے۔ یہ سیریز ریڈ چلیز انٹرٹینمنٹ کے بینر تلے بنائی گئی ہے، جس میں لکشیہ اور بوبی دیول جیسے فنکار بھی شامل ہیں۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








