سال 2021 اختتام پذیر ہوا۔ 2022 کی آمد پر جشن مناتے ہوئے معروف گلوکار عاصم اظہر نے مداحوں کوگیت سنائے، کنسرٹ کے دوران ایک موقعے پر خفا ہو کر کی گئی گفتگو کی وضاحت کرتے ہوئے عاصم اظہر نے کہا کہ ہم فیملیز کو ہراساں کرنا برداشت نہیں کرسکتے۔
تفصیلات کے مطابق حال ہی میں ایک کنسرٹ کے دوران ریکارڈ کی گئی معروف گلوکار کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئی جس میں دیکھا جاسکتا ہے کہ عاصم اظہر نے مداحوں سے ناراضگی کا اظہار کیا۔
بھارتی اداکارہ سشمیتا سین کا دانیال ظفر کے گیت کیلئے اظہارِ تحسین
وائرل کی گئی ویڈیو پر گفتگو کرتے ہوئے اپنی انسٹاگرام اسٹوری میں عاصم اظہر نے کہا کہ عام طور پر میں اس قسم کی بات چیت منظرِ عام پر نہیں لاتا، لیکن جو کوئی بھی میرے کنسرٹ میں آتا ہے، اسے سمجھنا ہوگا۔
انسٹاگرام اسٹوری میں عاصم اظہر نے کہا کہ ہم کنسرٹ کے دوران ہر قسم کا ہلا گلا برداشت کرسکتے ہیں لیکن یہ نہیں دیکھ سکتے کہ کوئی ہمارے گیتوں کے دوران فیملیز کو پریشان یا ہراساں کرے۔

عاصم اظہر نے کہا کہ میرے کنسرٹ کے دوران جس شخص سے میں نے بات چیت کی، اس نے کچھ کہا نہیں مگر وہ اور اس کے دوست کنسرٹ میں کھلے عام پی رہے تھے جس سے ایک فیملی ہراساں ہوئی۔
اپنی وائرل ویڈیو کو سستی شہرت کے حصول کا ذریعہ کہنے والوں کو سمجھاتے ہوئے عاصم اظہر نے کہا کہ جو لوگ یہ سمجھتے ہیں کہ میں نے یہ شہرت کیلئے کیا تو جو وہ سمجھنا چاہیں، سمجھ لیں۔
عاصم اظہر نے کہا کہ میں اسٹیج پر کھڑا ہو کر ایسے تمام لوگوں کو مخاطب کرنے کا سلسلہ اسی طرح جاری رکھوں گا جو میرے کنسرٹ میں آنے والوں کو بے چین کرنے کا باعث بنتے ہیں۔ اوپر سے سب نظر آتا ہے۔
سوشل میڈیا پر وائرل ویڈیو میں دیکھا جاسکتا ہے کہ عاصم اظہر نے اپنے کنسرٹ کے دوران کہا کہ نیا سال منانے آئے ہو تو خوشی سے مناؤ، کسی کی رات خراب نہ کرو۔ اگر کوئ بدتمیزی کرتا نظر آیا تو وہ باہر جائے گا۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








