ماجیا: شمالی نائیجیریا کے شہر ماجیا میں ایندھن سے بھرے ٹینکر کے حادثے کے بعد دھماکے سے 150سے زائد افراد ہلاک ہو گئے۔
یہ المناک واقعہ ایسے وقت میں پیش آیا ہے جب نائیجیریا بدترین معاشی بحران کا شکار ہے اور ملک میں پیٹرول ایک قیمتی شے بن چکا ہے۔
پولیس کے مطابق حادثہ اس وقت پیش آیا جب آئل ٹینکر ایک دوسری گاڑی سے بچنے کی کوشش میں ماجیا، ریاست جیگاوا، میں بے قابو ہو کر الٹ گیا۔
حادثے کے بعد مقامی افراد ٹینکر کے گرد جمع ہو گئے تاکہ اس سے بہنے والا ایندھن اکٹھا کر سکیں۔
ایک طالب علم سنوسی لوان نے اے ایف پی کو بتایا کہ اس نے “خوشی کی آوازیں” سنیں اور سیکڑوں لوگوں کے ساتھ بالٹیاں لے کر ایندھن جمع کرنے پہنچ گیا۔
21 سالہ سنوسی لوان نے کہا کہ وہ اپنی بالٹی لے کر گھر واپس آیا تھا اور اس کا بھائی اسے مزید ایندھن لینے کے لیے واپس جانے سے روک رہا تھا، جب انہوں نے “ایک زوردار دھماکہ اور لوگوں چیخیں” سنیں۔ “ہم جلدی سے وہاں پہنچے اور یہ ایک ہولناک منظر تھا۔ لوگ آگ میں جلتے ہوئے مدد کے لیے پکار رہے تھے۔”
انہوں نے کہا، “اگر میں نے اپنے بھائی کی بات نہ مانی ہوتی تو میں بھی مرنے والوں میں شامل ہوتا۔”قومی ہنگامی ادارے کے مطابق 147 افراد کی موت ہو چکی ہے۔
مقامی حکومت کے چیئرمین، ہنبا لی زرگا نے اے ایف پی کو بتایا کہ یہ تعداد صرف ان لاشوں پر مشتمل ہے جو ایک اجتماعی قبر میں دفن کی گئیں اور خدشہ ہے کہ ہلاکتوں کی تعداد مزید بڑھ سکتی ہے۔
انہوں نے بتایا کہ کئی متاثرین “ناقابل شناخت حد تک جھلس چکے تھے” اور مزید لاشیں دیگر مقامات پر دفن کی گئیں جبکہ تقریباً 140 زخمیوں کا علاج قریبی اسپتالوں میں جاری ہے۔
نائیجیریا کی میڈیکل ایسوسی ایشن نے ڈاکٹروں سے درخواست کی ہے کہ وہ ایمرجنسی وارڈز میں پہنچ کر مریضوں کی مدد کریں۔ دارالحکومت ابوجا میں نائیجیرین قانون سازوں نے سینیٹ میں ایک منٹ کی خاموشی اختیار کی۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








