بنگلور: نیوزی لینڈ کے فاسٹ باؤلرز نے بارش سے متاثرہ سیریز کے پہلے ٹیسٹ کے دوسرے دن بھارتی بیٹنگ لائن کو تباہ کردیا، پوری ٹیم 46 رنز پر آؤٹ ہوگئی۔
یہ بھارت کی ٹیسٹ کرکٹ میں تیسری کم ترین اننگز تھی اور 1987 میں نئی دہلی میں ویسٹ انڈیز کے خلاف 75 رنز پر آؤٹ ہونے کے بعد بھارت کی اپنی سرزمین پر سب سے کم اننگز رہی۔میٹ ہنری نے 5 وکٹیں حاصل کیں اور ولیم او رورک نے 4 وکٹیں اپنے نام کیں۔
بھارت نے ٹاس جیت کر بیٹنگ کا فیصلہ کیا لیکن دوسرے دن بادلوں سے ڈھکے موسم میں بھارتی بلے بازوں کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔ نیوزی لینڈ کے پیسرز نے بھارتی ٹاپ آرڈر کو جلدی پویلین کی راہ دکھا دی، جس کے نتیجے میں بھارت لنچ تک 34 رنز پر 6 وکٹیں گنوا چکا تھا۔
روہت شرما صرف دو رنز بنا کر پہلے آؤٹ ہونے والے کھلاڑی تھے، یشسوی جیسوال نے 13 رنز بنائے۔ ویرات کوہلی، سرفراز خان، کے ایل راہول، رویندرا جڈیجہ، اور روی چندرن اشون بغیر کوئی رن بنائے پویلین لوٹ گئے۔
کلدیپ یادو نے 2 رنز بنائے، جسپریت بمراہ 1 رن جبکہ محمد سراج 4 رنز کے ساتھ ناٹ آؤٹ رہے۔رشبھ پنت 20 رنز بنا کر بھارت کی جانب سے سب سے زیادہ رنز بنانے والے کھلاڑی رہے۔
بھارت نے اپنی ٹیم میں دو تبدیلیاں کیں، زخمی بلے باز شبمن گل کی جگہ سرفراز خان اور فاسٹ باؤلر آکاش دیپ کی جگہ اسپنر کلدیپ یادو کو شامل کیا۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








