کراچی: انسداد دہشت گردی عدالت نے اشتعال انگیز تقریر اور بغاوت کیس میں مفرورملزم منظور پشتین اور محسن داوڑ کے شناختی کارڈ بلاک کرنے کا حکم دے دیا۔
کراچی کی انسداد دہشت گردی کی عدالت میں اشتعال انگیز تقریر اور بغاوت کے کیس کی سماعت ہوئی ،جیل حکام نے رکن قومی اسمبلی علی وزیر کو عدالت میں پیش کیا، کیس میں ضمانت پر رہا نور اللہ ترین اور دیگر 4 ملزمان کو بھی عدالت میں پیش کیا گیا۔
پولیس کے مطابق ملزمان علی وزیر، محسن داوڑ، منظور پشتین اور دیگر پر ملک مخالف تقاریر کرنے کا الزام ہے۔ عدالت نے منظور پشتین سمیت 3مفرورملزمان کے وارنٹ جاری کردیئے۔مفرور ملزمان میں منظور پشتین، یاسین اور سفیان شامل ہیں۔
عدالت نے حکم دیا کہ ملزمان کو گرفتار کرکے 9مارچ تک پیش کیا جائے۔دوران سماعت اشتعال انگیز تقریر اور بغاوت کیس میں پیشرفت ہوئی، عدالت نے مفرور ملزم منظورپشتین اور محسن داوڑ کے شناختی کارڈ بلاک کرنے کا حکم دیتے ہوئے کہاکہ شناختی کارڈ بلاک کرکے رپورٹ پیش کی جائے۔بعد ازاں انسداددہشت گردی عدالت میں سماعت 9مارچ تک ملتوی کردی گئی۔