مشہورومعروف گلوکار عاطف اسلم نے مختلف پروگرامز میں شرکت اور انٹرویوز کیلئے بھاری معاوضہ لینے پر خاموشی توڑ دی ہے۔ انہوں نے کہا کہ میرے پاس بہترین مداحوں کی دولت ہے اور مجھے ہر شو میں بیٹھنے کی ضرورت بھی نہیں، یہ جانتا ہوں۔
تفصیلات کے مطابق ملیحہ رحمان کو انٹرویو دیتے ہوئے عاطف اسلم نے کہا کہ میں جانتا ہوں کہ کچھ لوگوں نے میرے متعلق بھاری معاوضہ لینے کی باتیں کیں۔میں نے صرف 18سال کی عمر میں دنیا کو جیتنا سیکھا۔ میرے بہترین مداح میری دولت ہیں۔ کم عمری میں ہر شخص کامیابی، کنسرٹ کرنا اور گانے فروخت کرنے کی خواہش رکھتا ہے، میں نے یہ پالیا ہے۔
انٹرویو کے دوران گفتگو کرتے ہوئے عاطف اسلم نے کہا کہ آگے چل کر آپ کو محسوس ہوتا ہے کہ یہ کافی نہیں اور یہ کبھی کافی ہوتا بھی نہیں۔ مزید کی خواہش صرف مقابلے میں رہنے کیلئے نہیں بلکہ کامیابی کا لطف اٹھانے کیلئے بھی سر ابھارتی ہے۔میں جانتا ہوں کہ ہر شو میں بیٹھنے کی ضرورت نہیں، اگر کوئی یہ کہے کہ میں بھاری معاوضہ چاہتا ہوں تو وہ مجھے بلانا چاہتا ہے۔
گلوکار عاطف اسلم نے کہا کہ اللہ نے مجھے بہت عزت اور احترام دیا، کبھی کبھار میرے پاس پروگرامز میں جانے کا وقت نہیں ہوتا، کبھی کوئی اور مسئلہ ہوتا ہے۔ لیکن بھاری معاوضے کے دعوے کرنے والے مجھے مغرور شخص طاہر کرنا چاہتے ہیں۔مجھے علم ہے کہ لوگ میرے متعلق ایسے دعوے کرتے ہیں کہ میں بھاری معاوضہ وصول کرتا ہوں۔
عاطف اسلم کا کہنا تھا کہ مجھے اس پر کوئی شرمندگی نہیں، نہ ہی ایسے افراد کو جواب دینا چاہتا ہوں۔ لوگ اس وقت تک اچھے رویے کا مظاہرہ کرتے ہیں جب تک کہ میرا شو یا انٹرویو ختم نہ ہوجائے۔ میں نے ایسے لوگوں کے رویے میں تبدیلی نوٹ کی ہے اور ان کو اندر سے بھی جانتا ہوں۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








