ٹریفک حادثے میں شدید زخمی ہونے والی دلہن نے دولہا سے اسپتال کے ایمرجنسی وارڈ میں شادی کر لی۔
انڈین میڈیا کے مطابق بھارتی ریاست کیرالا میں اسکول ٹیچر آوانی (دولہن) شادی کی تقریب کیلئے میک اپ کروانے جا رہی تھیں کہ راستے میں ٹریفک حادثے کا شکار ہو کر شدید زخمی ہوگئیں تاہم دولہا اور دلہن کے اہل خانہ نے تقریب منسوخ کرنے کے بجائے اسپتال میں انعقاد کرنے کا فیصلہ کیا۔
ڈاکٹروں، نرسوں اور قریبی رشتہ داروں کی موجودگی میں آوانی اور ان کے منگیتر شیرو نے بغیر موسیقی، سجاوٹ یا روایتی تقریب کے سادگی سے شادی کی۔ اسپتال انتظامیہ نے صورتحال کو سمجھتے ہوئے شادی کی تقریب منعقد کرنے کی اجازت دی کیونکہ دولہا دلہن کیلیے یہ دن خاص تھا۔
آوانی چند رشتہ داروں کے ہمراہ برائیڈل میک اپ کیلئے جا رہی تھیں کہ ان کی گاڑی ڈرائیور سے بے قابو ہو کر درخت سے جا ٹکرائی۔ موقع پر موجود افراد نے زخمیوں کو اسپتال منتقل کیا، دلہن کو ریڑھ کی ہڈی میں شدید چوٹیں آئی ہیں۔
اسپتال کے ایمرجنسی وارڈ میں شادی کی تقریب کی ویڈیو سوشل میڈیا پلیٹ فارمز کی زینت بنی تو صارفین کو شاہد کپور اور امریتا راؤ کی 2006 کی فلم (Vivah) یاد آئی۔
دولہے میاں شیرو نے میڈیا سے گفتگو میں بتایا کہ میں اور آوانی کئی برسوں سے ساتھ ہیں اور اہل خانہ ہمارے رشتے کو پہلے ہی قبول کر چکے ہیں، شادی اسی دن طے تھی اور سب خوشی سے تیاریوں میں مصروف تھے کہ حادثے نے حالات بدل دیے۔
شیرو کا کہنا تھا کہ آوانی کو اب مکمل دیکھ بھال اور سہارا درکار ہے اور انہیں یقین ہے کہ وہ جلد صحت یاب ہو جائیں گی۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








