آئی پی پیز سے مزید کتنے معاہدوں پر نظر ثانی؟ بجلی کی قیمتیں کب کم ہوں گی؟

تازہ ترین

تازہ ترین

بجلی کی قیمت
(فوٹو: آن لائن)

اسلام آباد: حکومت 8مزید آئی پی پیز سے معاہدوں پر نظر ثانی کا عمل شروع کردیا ہے جبکہ بجلی کی قیمتیں کم کرنے پر بھی غور وخوض جاری ہے۔

تفصیلات کے مطابق قومی اسمبلی اجلاس میں ایک توجہ دلاؤ نوٹس پر اظہارِ خیال کرتے ہوئے وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات عطا تارڑ نے کہا کہ 5 آئی پی پیز کو بند کردیا گیا جبکہ 8مزید آئی پی پیز کے ساتھ دوبارہ مذاکرات اور معاہدوں پر نظر ثانی کی گئی ہے۔ قیمتوں میں کمی پر قوم کو جلد خوشخبری ملے گی۔

نجی ٹی وی ڈان نیوز کی رپورٹ کے مطابق وزیر اطلاعات عطا تارڑ نے کہا کہ نیپرا نے گزشتہ روز ملک بھر میں 86پیسے فی یونٹ بجلی کی قیمت کم کی، یہ کمی فیول ایڈجسٹمنٹ کی مد میں ہوئی۔ وزیراعظم شہباز شریف بجلی کی قیمتیں کم کرنے پر بھرپور توجہ دے رہے ہیں۔

رپورٹ کے مطابق وزیر اطلاعات عطا تارڑ نے کہا کہ رواں برس وفاقی حکومت نے 1 سے 200 یونٹ تک بجلی استعمال کرنے والے صارفین کو 50 ارب روپے جبکہ پنجاب حکومت نے 201 سے 500 یونٹ تک بجلی استعمال کرنے والے صارفین کو 45ارب روپے کی سبسڈی دی۔

وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا کہ وفاقی حکومت سالانہ بنیادوں پر 300یونٹ تک بجلی استعمال کرنے والے صارفین کو 276ارب روپے کی سبسڈی دیتی ہے۔ کے الیکٹرک کو بھی 174ارب روپے کی سبسڈی دی جارہی ہے۔ لائف لائن اور نان لائف لائن صارفین کو سبسڈی دی جاتی ہے۔

وزیر اطلاعات عطا تارڑ نے کہا کہ جولائی سے ستمبر 2024 تک سبسڈی، فیول چارجز، فیول ایڈجسٹمنٹ اور 5 آئی پی پیز بند 8 ہونے سے بجلی کے بلز پر بہت بڑا فرق آیا ہے۔ 8مزید آئی پی پی کے حوالے سے قوم کو مزید خوشخبری بھی دیں گے۔ معاہدوں پر دوبارہ بات چیت ہوئی ہے اور ریٹ کم کیے گئے ہیں۔

Related Posts