میانوالی میں دہشت گردوں کا چیک پوسٹ پر حملہ، 2جوان زخمی

تازہ ترین

تازہ ترین

میانوالی میں دہشت گردوں کا چیک پوسٹ پر حملہ ناکام ہوگیا ہے۔ پنجاب پولیس کا کہنا ہے کہ حملے کے نتیجے میں 2 جوان زخمی ہوگئے۔

تفصیلات کے مطابق میانوالی میں پنجاب پولیس نے خوارج دہشت گردوں کا حملہ ناکام بنا دیا۔ قبول خیل پولیس چیک پوسٹ پر خوارج کے دہشت گردوں نے رات گئے راکٹ لانچرز اور ہینڈ گرنیڈ سے حملہ کیا تھا۔

پنجاب پولیس کا کہنا ہے کہ جوانوں نے بھرپور قوت سے جواب دیتے ہوئے دہشت گردوں کا حملہ ناکام بنا دیا۔ دہشت گرد حملے کے بعد فرار ہوگئے۔ ترجمان پولیس کا کہنا ہے کہ 12 سے 14 دہشت گردوں نے حملہ کیا تھا۔

ترجمان پولیس نے کہا کہ دہشت گردوں نے رات کی تاریکی کا فائدہ اٹھاتے ہوئے قبول خیل چیک پوسٹ کو نشانہ بنایا۔ چیک پوسٹ پر تعینات پنجاب پولیس کے جوان پہلے ہی الرٹ تھے، جنہوں نے حملہ ناکام بنایا۔

پولیس کی جانب سے شدید جوابی فائرنگ کے نتیجے میں دہشت گرد پسپا ہوگئے۔ حملے کے نتیجے میں 2 پولیس جوانوں کو معمولی زخم آئے ہیں۔ مفرور دہشت گردوں کی گرفتاری کیلئے سرچ آپریشن شروع کردیا گیا۔

دہشت گردوں کا حملہ ناکام ہونے پر آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے قبول خیل کے بہادر اہلکاروں کو شاباش دی۔ گزشتہ چند ماہ میں پنجاب پولیس پر دہشت گردوں نے 9ویں بار حملہ کیا تھا جسے ناکام بنا دیا گیا۔

Related Posts