بھارت کے جارحانہ اقدام کا بھرپور جواب دیں گے۔ پاکستان

تازہ ترین

تازہ ترین

پاکستان
(فوٹو: فائل)

اسلام آباد: ترجمان دفتر خارجہ ممتاز زہرہ بلوچ نے کہا ہے کہ بھارت کے یکطرفہ اقدامات سے غیر قانونی مقبوضہ جموں و کشمیر کی حقیقت نہیں بدل سکتی، بھارت کے کسی بھی جارحانہ اقدام کا بھرپور جواب دیں گے۔

تفصیلات کے مطابق جموں و کشمیر پر بھارتی وزیر خارجہ کے حالیہ بیان پر ردِ عمل دیتے ہوئے ترجمان دفتر خارجہ نے کہا کہ پاکستان سفارت کاری اور مکالمے کیلئے پر عزم ہے۔ جموں و کشمیر کا تنازعہ ایک عالمی طور پر تسلیم شدہ مسئلہ ہے۔

اپنے بیان میں ترجمان دفتر خارجہ نے کہا کہ مسئلہ کشمیر اقوامِ متحدہ کی سلامتی کونسل کی قراردادوں اور کشمیری عوام کی  خواہشات کے مطابق حل ہونا چاہئے۔ حل طلب تنازعے کا حل جنوبی ایشیا میں امن و استحکام کے حوالے سے انتہائی اہمیت کا حامل ہے۔

ترجمان دفتر خارجہ نے کہا کہ بھارت کے دعوے گمراہ کن اور خطرناک حد تک خیالی ہیں جو زمینی حقائق کو یکسر نظر انداز کرر ہے ہیں۔ یکطرفہ بھارتی اقدامات سے کشمیر کی حقیقت نہیں بدلی جاسکتی۔ ہم سفارت کاری اور مکالمے کیلئے تیار ہیں۔

دفتر خارجہ کا کہنا ہے کہ جنوبی ایشیا میں حقیقی امن و استحکام صرف اس صورت میں ممکن ہے جب مسئلہ کشمیر کو اقوامِ متحدہ کی سلامتی کونسل کی قراردادوں اور کشمیری عوام کے ناقابلِ تنسیخ حقوق کا خیال رکھتے ہوئے حل کیاجائے۔

انہوں نے کہا کہ ہم بھارت سے مطالبہ کرتے ہیں کہ وہ مقبوضہ کشمیر کے حوالے سے اشتعال انگیز بیانات اور بے بنیاد دعووں سے باز رہے۔ بھارت کو مسئلے کے منصفانہ اور پائیدار حل کیلئے بامعنی مذاکرات کا حصہ بننا ہوگا تاکہ خطے میں امن و استحکام پیدا ہوسکے۔

Related Posts