امریکی ایمبیسی کے جعلی کارڈ پر ڈپلومیٹک انکلیو میں گھسنے کی کوشش! افغان شہری 2 خواتین کے ہمراہ گرفتار

تازہ ترین

تازہ ترین

(فوٹو؛ آن لائن)

اسلام آباد پولیس اور انٹیلی جنس ایجنسیوں نے مشترکہ کارروائی کے دوران ایک افغان شہری کو گرفتار کیا ہے جو جعلی امریکی سفارتخانے کا آئی ڈی کارڈ استعمال کرکے خود کو ڈپلومیٹک افسر ظاہر کر رہا تھا۔ ملزم کی شناخت حارث کے نام سے ہوئی ہے۔

ذرائع کے مطابق حارث دو خواتین کے ہمراہ ایک گاڑی میں ڈپلومیٹک انکلیو کے گیٹ نمبر 2 سے داخل ہونے کی کوشش کر رہا تھا تاہم پولیس اور انٹیلی جنس اہلکار پہلے سے ہی اس کی نگرانی کر رہے تھے کیونکہ وہ دھوکہ دہی کے متعدد مقدمات میں مطلوب تھا۔

آپریشن کے دوران ملزم سے جعلی امریکی سفارتخانے کا آئی ڈی کارڈ بھی برآمد ہوا۔ انٹیلی جنس ایجنسیوں کی معاونت سے پولیس نے فوری کارروائی کرتے ہوئے اسے حراست میں لے لیا۔

گرفتار افغان شہری کو مزید تفتیش اور قانونی کارروائی کے لیے سیکریٹریٹ پولیس سٹیشن منتقل کر دیا گیا ہے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ ملزم جعلی شناخت کا استعمال کر کے دھوکہ دہی کی وارداتیں انجام دے رہا تھا اور پولیس اب اس کے ممکنہ ساتھیوں اور دیگر متعلقہ مقدمات کی تحقیقات کر رہی ہے۔

یہ گرفتاری اسلام آباد میں سفارتی علاقوں کی سیکیورٹی کو مزید مضبوط کرنے کی اہم کوشش ہے تاکہ جعلی شناختوں کے ذریعے حساس مقامات تک غیر قانونی رسائی کی کوششوں کو روکا جا سکے۔

Related Posts