کسٹمز انفورسمنٹ نے ایک اہم کارروائی کے دوران ایک مسافر کے قبضے سے کروڑوں روپے مالیت کے ایرانی ریال برآمد کر لیے جسے بغیر ڈیکلریشن بیرون ملک منتقل کرنے کی کوشش کی جا رہی تھی۔
کسٹمز حکام کے مطابق یہ کارروائی خفیہ اطلاع ملنے پر کی گئی جس کے بعد ٹیم نے فوری ایکشن لیتے ہوئے مشتبہ مسافر کو روک کر تلاشی لی۔ تلاشی کے دوران اس کے پاس سے 29.789 ملین ایرانی ریال برآمد ہوئے جنہیں قانون کے مطابق ظاہر نہیں کیا گیا تھا۔
حکام کا کہنا ہے کہ اتنی بڑی رقم کی غیر قانونی منتقلی اس بات کی طرف اشارہ کرتی ہے کہ اس کے پیچھے کرنسی اسمگلنگ کا منظم نیٹ ورک بھی کارفرما ہو سکتا ہے۔ اس پہلو کو مدنظر رکھتے ہوئے مزید تحقیقات کا آغاز کر دیا گیا ہے تاکہ ممکنہ سہولت کاروں تک بھی پہنچا جا سکے۔
کسٹمز انفورسمنٹ کی بروقت کارروائی نے نہ صرف غیر قانونی رقم کی ترسیل کو روکا بلکہ ملک سے سرمایہ باہر لے جانے کی ایک بڑی کوشش بھی ناکام بنا دی۔
کلکٹر کسٹمز نے اس کامیاب آپریشن پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے واضح کیا کہ ادارہ اسمگلنگ کے خلاف زیرو ٹالرنس پالیسی پر عمل پیرا ہے اور ایسے عناصر کے خلاف کارروائیاں مزید تیز کی جائیں گی۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








