اسلام آباد: وفاقی دارالحکومت کی انتظامیہ نے بدھ 13 اگست کو عام تعطیل کا اعلان کیا ہے جو یوم آزادی پاکستان کی تقریبات کے سلسلے میں کی گئی خصوصی تیاریوں کا حصہ ہے۔
اس فیصلے کے مطابق اسلام آباد کی حدود میں تمام سرکاری و نجی ادارے بدھ اور جمعرات (13 اور 14 اگست) کو بند رہیں گے، البتہ انتظامی امور اور ایمرجنسی سروسز سے وابستہ دفاتر معمول کے مطابق کام کریں گے۔
ڈسٹرکٹ مجسٹریٹ اسلام آباد، عرفان نواز میمن کی جانب سے جاری نوٹیفکیشن میں کہا گیا ہے کہ 13 اگست کو ہونے والی تعطیل میونسپل کارپوریشن اسلام آباد، کیپٹل ڈویلپمنٹ اتھارٹی، آئی سی ٹی ایڈمنسٹریشن، پولیس، آئیسکو، ایس این جی پی ایل اور تمام اسپتالوں سمیت ضروری خدمات فراہم کرنے والے اداروں پر لاگو نہیں ہوگی۔

یہ اقدام شہریوں کو دو روزہ تعطیلات کا موقع فراہم کرے گا جس سے نہ صرف یوم آزادی کی تقریبات میں بھرپور شرکت ممکن ہوگی بلکہ شہریوں کو خاندانی اور سماجی سرگرمیوں کا وقت بھی میسر آئے گا۔
دوسری جانب اس ہفتے مجموعی طور پر چار تعطیلات ہونے کا امکان ہے۔ کابینہ ڈویژن کے مطابق 14 اگست کو ملک بھر میں یوم آزادی کے موقع پر عام تعطیل ہوگی جبکہ جمعہ 15 اگست کو حضرت امام حسینؓ کے چہلم کے موقع پر وفاقی سطح پر تعطیل شامل نہیں کی گئی۔
صوبائی حکومتیں مقامی سطح پر تعطیل کا اعلان کر سکتی ہیں اگر ایسا ہوا تو تعطیلات کا سلسلہ 14 اگست سے اتوار 17 اگست تک بڑھ سکتا ہے۔
سیاسی و سماجی حلقوں کا کہنا ہے کہ یہ مسلسل تعطیلات عوام کو سفر، سماجی میل جول اور تقریبات میں بھرپور شرکت کا موقع فراہم کریں گی تاہم سرکاری امور کی رفتار عارضی طور پر متاثر ہو سکتی ہے۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








