دبئی: قومی کرکٹ ٹیم کے کپتان بابر اعطم نے آسٹریلیا کے خلاف شکست کے بعد ٹیم کا حوصلہ بڑھاتے ہوئے کہا ہے کہ کوئی کسی پر انگلی نہ اٹھائے کہ میچ کس کی غلطی کے باعث ہارا، ہم سیمی فائنل میں کی گئی غلطیوں سے سیکھ کر آگے بڑھیں گے۔
تفصیلات کے مطابق گزشتہ شب قومی ٹیم شاندار کارکردگی کے باوجود آسٹریلیا سے میچ ہارکر ورلڈ کپ سے آؤٹ ہوگئی۔ مقابلے کے بعد ڈریسنگ روم میں ساتھی کھلاڑیوں سے گفتگو کرتے ہوئے بابر اعظم نے کہا کہ سب جانتے ہیں کہ غلطیاں کہاں ہوئیں۔
سیمی فائنل، قوم حسن علی کو شکست کا ذمہ دار ٹھہرانے کی مخالف نکلی
رمیز راجہ کا سیمی فائنل میں شکست پر قومی ٹیم کیلئے حوصلہ افزاء پیغام
ڈریسنگ روم میں گفتگو کے دوران بابر اعظم نے کہا کہ ہمیں سیمی فائنل میں کی گئی غلطیوں سے سیکھ کر آگے بڑھ جانا ہے۔ کوئی کسی پر انگلی نہ اٹھائے، بطور ٹیم ہم اچھا نہیں کھیل سکے۔ ہار جیت ہوتی رہتی ہے، مستقبل میں غلطیاں دہرانے سے بچنا ہے۔
گفتگو کے دوران بابر اعظم نے کہا کہ ٹیم کا ماحول بہترین رہا، میچ میں ہر کھلاڑی کی طرف سے ذمہ داری کا مظاہرہ دیکھنے میں آیا، ہماری کوشش پوری ہونی چاہئے، نتائج خودبخود اچھے ہوں گے۔ شکست کا بہت دکھ ہے لیکن یہ حوصلہ دینے کا وقت ہے۔
میچ کے بعد پریس کانفرنس کے دوران بابر اعظم کا کہنا تھا کہ ہم نے اسکور اچھا کیا تاہم میچ کا اختتام توقع کے مطابق نہیں ہوا۔ اچھی کارکردگی جاری رکھنی ہے، کیچز ڈراپ نہ ہوتے تو صورتحال مختلف ہوسکتی تھی۔ اپنی غلطیوں سے سیکھنا ہے۔
حسن علی کے کیچ ڈراپ پر تبصرہ کرتے ہوئے کپتان بابر اعظم نے کہا کہ وہ ہمارا اہم بالر ہے جو ہمیشہ میچ جیت کر دیتا ہے جسے ہماری حمایت کی ضرورت ہے۔ پورے ورلڈ کپ میں کھلاڑیوں نے اچھی کارکردگی کا مظاہرہ کیا۔ آئندہ غلطیاں نہ کرنے کی کوشش ہوگی۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








