زندہ دلان لاہور کیلئے بری خبر، عید کے دنوں میں سورج آگ برسائے گا، تفصیل

تازہ ترین

تازہ ترین

علامتی تصویر

لاہور اور وسطی پنجاب کے متعدد علاقوں میں عید کی چھٹیوں کے دوران شدید گرمی کی لہر (ہیٹ ویو) متوقع ہے، جبکہ اس دوران بارش کے امکانات نہ ہونے کے برابر ہیں۔

محکمہ موسمیات کے مطابق پیر سے لاہور سمیت وسطی پنجاب کے کئی علاقے ہیٹ ویو کی زد میں آئیں گے جو 30 مئی تک جاری رہنے کا امکان ہے۔ اس دوران دن اور رات دونوں اوقات میں درجہ حرارت معمول سے زیادہ رہنے کی پیش گوئی کی گئی ہے، جس سے شہریوں کو ہیٹ اسٹروک کے خطرات کا سامنا ہو سکتا ہے۔

محکمہ موسمیات نے ہیٹ ویو الرٹ جاری کرتے ہوئے شہریوں کو احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی ہدایت کی ہے۔ رپورٹ کے مطابق لاہور کا موجودہ موسم شدید گرم اور خشک ہے، جہاں ہفتہ کے روز درجہ حرارت 39 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔

پیشن گوئی کے مطابق اتوار کو درجہ حرارت میں مزید اضافہ متوقع ہے اور دوپہر کے وقت یہ 41 ڈگری سینٹی گریڈ تک پہنچ سکتا ہے، جبکہ صبح کے اوقات میں بھی گرمی برقرار رہے گی۔

محکمہ موسمیات کے مطابق ہوا میں نمی کا تناسب انتہائی کم رہنے کی وجہ سے گرمی کی شدت مزید محسوس کی جائے گی، جبکہ ہوا کی رفتار 14 کلومیٹر فی گھنٹہ ریکارڈ کی گئی ہے۔

شہر کا مجموعی ایئر کوالٹی انڈیکس 138 ریکارڈ کیا گیا ہے، جبکہ آئندہ 24 گھنٹوں میں موسم شدید گرم رہنے کا امکان ہے۔

Related Posts