عدالت نے پنجاب انسٹیٹیوٹ آف کارڈیالوجی (پی آئی سی) حملہ کیس میں وزیر اعظم عمران خان کے بھانجے کی درخواستِ ضمانت منظور کر لی ہے۔
وزیر اعظم کے بھانجے حسان نیازی کے خلاف کیس کی سماعت لاہور کی خصوصی انسدادِ دہشت گردی عدالت میں ہوئی۔ ملزم حسان نیازی نے عدالت سے استدعا کی کہ مجھ پر بنایا گیا مقدمہ بے بنیاد ہے۔ ضمانت منظور کی جائے۔
ملزم حسان نیازی نے کہا کہ مجھے پی آئی سی حملے میں بلا وجہ نامزد کیا گیا، میرا حملے سے کوئی تعلق نہیں ہے، پولیس بے شک مجھے شاملِ تفتیش کرکے معاملے کی تحقیقات کرے۔ مقدمے میں کی گئی الزام تراشی سراسر غلط اور دروغ گوئی پر مبنی ہے۔
خصوصی عدالت برائے انسدادِ دہشت گردی نے حسان نیازی کی ضمانت منظور کرتے ہوئے انہیں ہدایت کی کہ ایک ایک لاکھ کے 2 مچلکے جمع کروائیں اور پولیس کو حکم دیا کہ ملزم حسان نیازی کو گرفتار نہ کیا جائے۔
یہ بھی پڑھیں: وزیراعظم کے بھانجے حسان نیازی مقدمے میں نامزد
یاد رہے کہ اس سے قبل پنجاب انسٹی ٹیوٹ آف کارڈیالوجی پر حملے کے کیس میں وزیراعظم عمران خان کے بھانجے حسان نیازی کو مقدمے میں نامزد کر دیا گیا، 5 چھاپے مارنے کے باوجود گرفتاری عمل میں نہ آسکی۔
حملے کے بعد وکلا کی گرفتاریاں کی گئیں۔ پولیس کے مطابق حسان نیازی کی گرفتاری کیلئے 5 چھاپے مارے گئے لیکن وہ بچ نکلے ، چار روز گزرنے کے بعد بھی حسان نیازی کی گرفتاری عمل میں نہ آسکی تاہم ان کو مقدمے میں نامزد کر دیا گیا۔
اس سے قبل وزیر اطلاعات پنجاب فیاض الحسن چوہان نے کہا کہ نئے پاکستان میں کوئی بھی قانون سے بالا تر نہیں اور حسان نیازی ضرو ر قانون کے شکنجے میں آئیں گے ، حسان نیازی خود واضح کر چکے ہیں کہ ان کا تحریک انصاف سے کوئی لینا دینا نہیں ۔
ڈائریکٹوریٹ جنرل پبلک ریلیشنز میں14 دسمبر کو پریس کانفرنس کرتے ہوئے فیاض الحسن چوہان نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان اور وزیر اعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار کے وژن کے تحت ہنر مند نوجوان پروگرام متعارف کرایا گیا ہے جس میں ڈیڑھ ارب روپے رکھے گئے ہیں او راس کے ذریعے ایک لاکھ نوجوان مستفید ہوں گے ۔
فیاض الحسن کاکہناتھا کہ بیرون ممالک سفارتخانوں اوراوورسیز کمیشن میں خصوصی ڈیسک قائم کئے جائیں گے جن کے ذریعے چار سالوں میں 10ملین لوگو ں کو پاکستان او ربیرون ممالک روزگار کے مواقع میسر آئیں گے۔
مزید پڑھیں: حسان نیازی کا پی ٹی آئی سے کوئی تعلق نہیں۔فیاض چوہان
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








