اسرائیلی فوج نے اپنے سینیئر افسران کے لیے موبائل فون کے استعمال کے قوانین اور سخت کرتے ہوئے اینڈرائیڈ فون استعمال کرنا مکمل طور پر ممنوع قرار دے دیا گیا ہے۔
اسرائیلی میڈیا کے مطابق نئے حکم کے تحت لیفٹیننٹ کرنل اور اس سے بڑے تمام افسران صرف آئی فون استعمال کریں گے اور سرکاری رابطے ایپل کے بند سسٹم کے ذریعے ہی کیے جائیں گے۔
فوجی حکام کے مطابق اس فیصلے کا مقصد حساس معلومات کو محفوظ رکھنا اور کسی بھی ممکنہ ہیکنگ یا ڈیٹا چوری کے خطرے کو کم کرنا ہے۔ اسی لیے یہ بھی فیصلہ کیا گیا ہے کہ اعلیٰ افسران کے تمام سرکاری فونز کا آپریٹنگ سسٹم ایک جیسا ہو تاکہ سکیورٹی اپڈیٹس اور نگرانی کے عمل کو آسان بنایا جا سکے۔
اس سے پہلے بھی اسرائیلی فوج سکیورٹی خدشات کے تحت مختلف پابندیاں لگا چکی ہے۔ کچھ عرصہ قبل فوج نے دعویٰ کیا تھا کہ حماس نے واٹس ایپ کے ذریعے بارڈر پر موجود فوجیوں سے معلومات نکالنے کی کوشش کی تھی۔
اسرائیلی فوج نے اپنے افسران کے استعمال میں موجود چینی ساختہ گاڑیاں بھی واپس لے لی تھیں۔ سکیورٹی ایجنسیوں کے مطابق بعض چینی گاڑیوں کے آن بورڈ سسٹم میں یہ صلاحیت تھی کہ وہ حساس ڈیٹا بیرونی سرورز تک منتقل کرسکتے ہیں جس کے باعث یہ قدم اٹھایا گیا۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








