راولپنڈی میں کھیلے گئے ٹیسٹ سیریز کے دوسرے میچ میں بنگلہ دیش نے پاکستان کو بد ترین شکست دے کر وائٹ واش کردیا ہے۔ مہمان ٹیم نے تاریخ رقم کردی۔
قومی کرکٹ ٹیم نے بنگلہ دیش کو دوسرا ٹیسٹ میچ جیتنے کیلئے 185رنز کا ہدف دیا تھا۔ مہمان ٹیم نے میچ کے پانچویں اور آخری روز صرف 4 وکٹس کے نقصان پر ہدف پورا کرلیا۔ بنگلہ دیش نے پاکستان کو 6وکٹس سے عبرت ناک شکست دے دی۔
مجموعی طور پر دو ٹیسٹ میچز پر مشتمل سیریز کے دوسرے میچ میں قومی کرکٹ ٹیم کی بیٹنگ اور بالنگ دونوں ہی شعبوں میں کارکردگی مایوس کن رہی۔ قومی کرکٹ ٹیم نے پہلی اننگز کے دوران بنگلہ دیش کے خلاف 274 رنز بنائے تھے۔
پاکستان کے 274 رنز کے جواب میں بنگلہ دیشی کرکٹ ٹیم صرف 262رنز پر پویلین لوٹ گئی، پاکستانی پیسرز نے قومی کرکٹ ٹیم کو 274رنز کا ہدف دینے پر ابتدائی طور پر تو سہارا دے دیا، تاہم دوسری اننگز میں بیٹنگ لائن بری طرح لڑکھڑا گئی۔
دوسری اننگز میں پاکستان نے بنگلہ دیش کے خلاف صرف 172رنز اسکور کیے اور پوری ٹیم پویلین لوٹ گئی جس کے بعد بنگلہ دیش کو دونوں اننگز کا مشترکہ ہدف 185 عبور کرنے کا چیلنج درپیش تھا۔ بنگلہ دیش کے اوپنرز نے شاندار آغاز فراہم کیا۔
بنگلہ دیش کے آؤٹ ہونے والے پہلے بیٹر ذاکر حسن تھے۔ اوپنر بیٹر نے 39 گیندوں پر 40 رنز کی شاندار اننگز کھیلی۔ شادمان اسلام 24 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔ نجم الحسن شانتو نے 38رنز کی اننگز کھیلی جبکہ مومن الحق نے 34 رنز بنا کر ٹیم کی جیت میں کردار ادا کیا۔
مہمان ٹیم کیلئے میچ فنش کرنے والے کھلاڑی مشفق الرحمٰن نے 22 جبکہ شکیب الحسن نے 21رنز کی ناقابلِ شکست اننگز کھیلی۔ پاکستان کے خلاف 185رنز اسکور کرنے کیلئے بنگلہ دیشی بیٹرز نے 3 چھکے اور 16 چوکے لگائے جبکہ پاکستان کے 4بولرز نے 1، 1وکٹ حاصل کی۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








