عمران خان کی بنی گالہ رہائشگاہ کی نیلامی کی تیاریاں! نیب کا حیران کن دعویٰ بھی سامنے آگیا

تازہ ترین

تازہ ترین

Bani Gala Auction Rumors
FILE PHOTO

اسلام آباد میں سابق وزیراعظم عمران خان کی بنی گالہ رہائشگاہ کی مبینہ نیلامی سے متعلق خبروں نے سیاسی و عوامی حلقوں میں ہلچل مچا دی ہے۔

ابتدائی اطلاعات کے مطابق نیلامی کے اشتہارات دو مرتبہ شائع ہونے کا دعویٰ سامنے آیا تاہم اس معاملے پر مختلف بیانات اور تردیدیں بھی جاری کی جا رہی ہیں۔

پی ٹی آئی کے مرکزی رہنما سلمان اکرم راجہ نے سوشل میڈیا پر پوسٹ میں کہا ہے کہ عمران خان صاحب کی بنی گالہ رہائشگاہ کی مبینہ نیلامی کی خبر آج ہی سامنے آئی ہے۔

 

اگر ایسا ہے تو یہ کسی خفیہ کاروائی کا نتیجہ ہے۔ بنی گالہ کے منتظمین لاعلم ہیں۔ ہماری لیگل ٹیم معاملے کی تہ تک پہنچنے میں سرگرم عمل ہے۔ جلد صحیح معلومات سامنے آ جائیں گی۔

پارٹی کے اندرونی حلقوں میں اختلافات اور عدم توجہی کے الزامات بھی زبان زدِ عام ہیں۔ ذرائع کا دعویٰ ہے کہ بیرسٹر گوہر، شیخ وقاص، زرتاج گل اور دیگر رہنما اپنے اپنے معاملات میں مصروف ہیں جس کے باعث اس اہم مسئلے پر بروقت سیاسی ردعمل سامنے نہیں آ سکا۔

دوسری جانب قومی احتساب بیورو (نیب) کے ذرائع نے واضح تردید جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ عمران خان کے گھر کی نیلامی سے متعلق تمام خبریں بے بنیاد ہیں۔

نیب کا مؤقف ہے کہ 190 ملین پاؤنڈ کیس میں صرف بحریہ ٹاؤن کی مخصوص جائیدادوں کی نیلامی کی جا رہی ہے، عمران خان کی ذاتی جائیداد اس فیصلے کا حصہ نہیں ہے۔

مزید کہا گیا کہ سابق وزیراعظم پہلے ہی اس کیس میں سرنڈر کر چکے ہیں اور نیلامی کے احکامات صرف اشتہاری ملزمان تک محدود ہیں۔

اس طرح بنی گالہ رہائشگاہ کی نیلامی کے حوالے سے پھیلائی جانے والی افواہوں کو سرکاری سطح پر مسترد کر دیا گیا ہے جبکہ اصل صورتحال سامنے آنے تک معاملہ سیاسی و قانونی بحث کا مرکز بنا ہوا ہے۔

Related Posts