سانحہ 9مئی پی ٹی آئی کیخلاف سازش قرار، بیرسٹر سیف نے سخت بیان دے دیا

تازہ ترین

تازہ ترین

پشاور: مشیر اطلاعات خیبر پختونخوا بیرسٹر محمد علی سیف نے سانحہ 9 مئی کو پی ٹی آئی کے خلاف سازش قرار دیتے ہوئے سخت بیان دے دیا ہے۔

تفصیلات کے مطابق اپنے حالیہ بیان میں مشیر اطلاعات خیبر پختونخوا بیرسٹر سیف نے کہا کہ جب ن لیگ کے لوگ میڈیا سے آؤٹ ہوتے ہیں تو 9 مئی پر بیان داغ دیتے ہیں۔ 9مئی کا منہ توڑ جواب عوام نے 8فروری کو پی ٹی آئی پر اعتماد کرکے دیا تھا۔

بیان میں مشیر اطلاعات خیبر پختونخواہ نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی عمران خان نے ہزار بار کہا کہ 9 مئی پر جوڈیشل کمیشن بنائیں۔ 9 مئی پی ٹی آئی کے خاتمے کی سازش تھی جو شرمندۂ تعبیر نہیں ہوسکی۔ سازش کے بعد پی ٹی آئی مزید مضبوط ہوئی۔

خیال رہے کہ سانحہ 9 مئی کے دوران ملک کی اہم تنصیبات پر حملے کیے گئے تھے جن میں  ریڈیو پاکستان کی عمارت اور جناح ہاؤس شامل تھے۔ مشیر اطلاعات کے پی کے بیرسٹر سیف نے کہا کہ تحریکِ انصاف اقتدار میں آ کر 9مئی کی سازش کرنے والوں کو بے نقاب کرے گی۔

سانحہ 9 مئی کی اہمیت

پی ٹی آئی ذمہ دار تھی یا کوئی اور؟ اس سے قطعِ نظر سانحہ 9 مئی کو اس حوالے سے یاد رکھا جائے گا کہ ملک کی تاریخ میں پہلی بار پاک فوج کی عمارات، مجسموں، قائدِ اعظم کی یادگار اشیاء اور دیگر حساس قومی اثاثوں اور املاک کو نشانہ بنایا گیا جو اس سے قبل کبھی نہیں ہوا تھا۔

یہ ہماری تاریخ میں ایسا بڑا سانحہ تھا جس نے پورے ملک کو جھنجھوڑ کر رکھ دیا۔ یہ الگ بات کہ موجودہ حکومت اور بعض سیاسی جماعتوں کی جانب سے سانحہ 9 مئی کے واقعات کا الزام پی ٹی آئی پر عائد کیا جاتا ہے تاہم اس حوالے سے مزید حقائق قوم کے سامنے آنا بھی ضروری ہیں۔

Related Posts