کراچی: محکمہ موسمیات نے خبردار کیا ہے کہ خلیج بنگال میں بننے والا سمندری طوفان عرب سمندر کی طرف بڑھ رہا ہے جو سندھ کے جنوب مشرقی اور زیریں علاقوں سمیت کراچی اور دیگر ساحلی حصوں کو متاثر کرسکتا ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق یہ موسمیاتی نظام بھارتی ریاست گجرات کے قریب عرب سمندر میں داخل ہوگا جس کے باعث سمندری حالات میں بگاڑ آسکتا ہے۔ ابتدائی طور پر ہوائیں پرسکون رہیں گی تاہم بعد ازاں یہ شدت اختیار کر سکتی ہیں۔
اس وقت کراچی شدید ہیٹ ویو کی لپیٹ میں ہے جبکہ سندھ کے بیشتر علاقے شدید گرم اور مرطوب موسم کا سامنا کر رہے ہیں۔
پیش گوئی کے مطابق 29 اور 30 ستمبر کو تھرپارکر، عمرکوٹ، بدین، سجاول اور سانگھڑ میں جزوی طور پر ابر آلود موسم، گرج چمک کے ساتھ ہلکی اور درمیانی بارش کے امکانات ہیں۔
سندھ حکومت کی خواتین کیلئے مفت اسکوٹر اسکیم! قرعہ اندازی میں حصہ لینے کا آسان طریقہ
محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ 30 ستمبر کو دن کے گرم ترین اوقات کے بعد سہ پہر یا شام کے وقت گرج چمک کے ساتھ بارش ہوسکتی ہے۔
دوسری جانب گرمی کی یہ شدت پیر، منگل اور بدھ تک برقرار رہنے کا امکان ہے جب کہ کراچی کے مختلف علاقوں میں درجہ حرارت 35 سے 37 ڈگری سینٹی گریڈ تک پہنچ سکتا ہے۔
ماہرین نے خبردار کیا ہے کہ بارش کے نئے اسپیل کے زیر اثر آج کا دن کراچی اور دیگر ساحلی علاقوں میں انتہائی گرم اور مرطوب رہے گا، لہٰذا شہری احتیاطی تدابیر اختیار کریں۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








