کیا آپ آج ایک اور سپر مون دیکھنے کیلئے تیار ہیں! جانتے ہیں یہ دلکش نظارہ کب ہوگا؟

تازہ ترین

تازہ ترین

Beaver Supermoon to rise in Pakistan today
ONLINE

کراچی: آج شام پاکستان میں سال 2025 کا سب سے بڑا اور روشن چاند، یعنی بیور سپر مون طلوع ہوگا۔ پاکستان اسپیس اینڈ اپر ایٹماسفیئر ریسرچ کمیشن (سپارکو) کے مطابق یہ دلکش منظر شام 6 بج کر 19 منٹ پر دیکھا جا سکے گا۔

ماہرین فلکیات کے مطابق بیور سپر مون اس وقت زمین سے تقریباً 356980 کلومیٹر کے فاصلے پر ہوگا، جو عام مکمل چاند کے مقابلے میں 7.9 فیصد بڑا اور 16 فیصد زیادہ روشن نظر آئے گا۔

یہ سپر مون سال 2025 کے دوران آنے والے تین مسلسل سپر مونز میں دوسرا ہے، جو اکتوبر، نومبر اور دسمبر کے مہینوں میں دنیا بھر کے مختلف حصوں میں دیکھا جا رہا ہے۔

بیور سپر مون اس وقت ظاہر ہوتا ہے جب مکمل چاند اپنے مدار کے سب سے قریب ترین مقام یعنی پریجی پر آ جاتا ہے۔

چاند کا مدار بیضوی ہے، اس لیے بعض اوقات وہ زمین کے قریب اور بعض اوقات دور ہوتا ہے۔ جب مکمل چاند اپنے قریب ترین فاصلے پر ہوتا ہے تو وہ معمول سے زیادہ بڑا اور روشن دکھائی دیتا ہے۔

سپارکو کی وضاحت کے مطابق، چاند کا فاصلہ زمین سے مسلسل تبدیل ہوتا رہتا ہے، قریبی مقام کو پریجی اور دور ترین مقام کو اپوجی کہا جاتا ہے۔ جب چاند مکمل حالت میں پریجی کے قریب ہوتا ہے تو اسے “سپر مون” کہا جاتا ہے۔

فلکیاتی ماہرین کے مطابق سپر مون عام طور پر سال میں تین یا چار مرتبہ دیکھا جا سکتا ہے، تاہم اس کی تعداد چاند کے مدار اور زمین کے درمیان فاصلے پر منحصر ہوتی ہے۔

اگرچہ بعض اوقات نیا چاند بھی پریجی کے وقت واقع ہوتا ہے، لیکن عوامی دلچسپی ہمیشہ مکمل چاند یعنی سپر مون میں زیادہ ہوتی ہے۔

ماہرین کا کہنا ہے کہ پریجی پر موجود مکمل چاند اپنے عام فاصلے والے چاند کے مقابلے میں 14 فیصد بڑا اور 30 فیصد زیادہ روشن دکھائی دیتا ہے۔

انسانی آنکھ سے اس فرق کو واضح طور پر محسوس کرنا مشکل ہوتا ہے۔ ایسے مواقع جب زمین اور چاند کا فاصلہ غیر معمولی طور پر کم ہو، نایاب اور قابلِ دید فلکیاتی مناظر تصور کیے جاتے ہیں۔

Related Posts