بنگلادیش کی سابق خاتون وزیراعظم اور پاکستان نواز سیاستدان خالدہ ضیاء کی نماز جنازہ اور تدفین کل ہوگی۔
تفصیلات کے مطابق 80 سالہ خالدہ ضیاء کی نماز جنازہ اور تدفین بدھ کو دارالحکومت ڈھاکہ میں ہوگی۔ پاکستان سے اسپیکر قومی اسمبلی ایاز صادق خالدہ ضیاء کے جنازے میں پاکستان کی نمائندگی کریں گے۔
بنگلہ دیش نیشنل پارٹی (بی این پی) کے مطابق مرحومہ کئی امراض میں مبتلا تھیں۔ خالدہ ضیاء بنگلہ دیش کے سابق صدر ضیاء الرحمان کی اہلیہ تھیں، پیر کی شب ان کی طبیعت انتہائی نازک ہوگئی تھی اور ڈاکٹروں کے مطابق انہیں لائف سپورٹ دی جارہی تھی مگر عمر اور خراب صحت کے سبب کئی بیماریوں کا ایک ساتھ علاج ممکن نہ تھا۔
انہوں نے 1991ء میں وزارت عظمیٰ سنبھالی تھی، وہ 2001ء میں ایک بار پھر وزیراعظم منتخب ہوئیں تاہم اکتوبر 2006ء میں عام انتخابات کے لیے اقتدار سے الگ ہوگئی تھیں۔
واضح رہے کہ نائب وزیراعظم اسحاق ڈار کے دورہ بنگلہ دیش کا پروگرام تبدیل ہوگیا۔ اس سے قبل اسحاق ڈار کو جانا تھا، تاہم اپنی مصروفیات کے باعث وہ بنگلہ دیش نہیں جائیں گے، اسحاق ڈار کی بجائے اب سپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق بنگلہ دیش جائیں گے۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








