سندھ حکومت نے اعلان کیا ہے کہ کراچی کی سڑکوں پر کوڑا جلانے والے افراد کے خلاف ایف آئی آر درج کی جائے گی۔
تفصیلات کے مطابق کوڑا جلانے والوں کے خلاف فوجداری مقدمات درج کرنے کا فیصلہ سندھ سالڈ ویسٹ مینجمنٹ بورڈ (SSWMB) کے اجلاس میں کیا گیا۔
اجلاس کی صدارت وزیر بلدیات ناصر حسین شاہ نے کی جبکہ اس میں کراچی کے میئر مرتضیٰ وہاب، سیکرٹری لوکل گورنمنٹ، SSWMB کے مینجنگ ڈائریکٹر طارق علی نظامانی، ٹاؤن چیئرمینز اور دیگر حکام بھی شریک تھے۔
میئر کراچی مرتضیٰ وہاب نے کہا کہ کوڑا جلانے کا کام زیادہ تر کوڑا اٹھانے والے ادارے کرتے ہیں، جو اسے آگ لگا دیتے ہیں یا نالوں میں ڈال دیتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ ایسی غیر قانونی سرگرمیوں پر مالی جرمانے بھی عائد کیے جائیں، کیونکہ یہ ماحولیاتی نقصان کا سبب بنتی ہیں اور نالیوں کے نظام پر بھی منفی اثر ڈالتی ہیں۔
اجلاس کے بعد جاری بیان کے مطابق SSWMB کے مینجنگ ڈائریکٹر نے شرکاء کو بریفنگ دی، جس کے بعد یہ فیصلہ کیا گیا کہ کوڑا جلانے میں ملوث افراد کے خلاف ایف آئی آر درج کی جائیں گی، چاہے وہ کسی بھی ادارے سے تعلق رکھتے ہوں۔
اجلاس میں مقامی حکومت کے وزیر نے کہا کہ ٹھیکہ دار کمپنیوں کے پاس مناسب عملہ اور مشینری موجود ہونی چاہیے اور ٹریکر سے لیس گاڑیاں چوبیس گھنٹے کام کریں۔
انہوں نے SSWMB کو ہدایت دی کہ یونین کونسلز اور ٹاؤنز کے ساتھ تعاون مضبوط کیا جائے۔
اعداد و شمار کے مطابق کراچی میں روزانہ 14,800 ٹن سے زیادہ ٹھوس اور میونسپل فضلہ پیدا ہوتا ہے، لیکن ڈیٹا سے پتہ چلتا ہے کہ روزانہ صرف 10,000 سے 12,000 ٹن کوڑا لینڈ فل سائٹس تک پہنچ پاتا ہے۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








