ویریفکیشن کوڈ مانگنے والی کالز اور میسجز سے خبردار رہیں ورنہ؛ پی ٹی اے نے الرٹ جاری کردیا

تازہ ترین

تازہ ترین

(فوٹو؛ فائل)

پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی (پی ٹی اے) نے شہریوں کو خبردار کیا ہے کہ وہ خود کو کوریئر سروس کا نمائندہ ظاہر کرنے والے افراد کے پیغامات اور کالز سے ہوشیار رہیں کیونکہ یہ پیغامات دراصل فراڈ کی ایک نئی شکل ہیں جو شہریوں کی ڈیجیٹل شناخت یا اکاؤنٹس تک غیر مجاز رسائی حاصل کرنے کیلئے بھیجے جا رہے ہیں۔

پی ٹی اے کے مطابق متاثرہ افراد کو جعلی نمائندے فون یا میسج کرتے ہیں اور ویری فکیشن کوڈ یا سیکیورٹی کوڈ کے بارے میں معلومات مانگتے ہیں جو اکثر کسی آن لائن سروس، بینک یا سوشل میڈیا لاگ اِن سے متعلق ہوتا ہے۔

اتھارٹی نے واضح کیا ہے کہ کوئی بھی مستند کوریئر کمپنی اپنے صارفین سے ایسے کوڈز یا ذاتی معلومات ہرگز طلب نہیں کرتی ہے۔ یہ تمام کوڈز دراصل سیکیورٹی کا حصہ ہوتے ہیں، جنہیں اگر شیئر کیا جائے تو دھوکہ دہی کے ذریعے ہیکرز یا فراڈیے صارف کا اکاؤنٹ ہتھیا سکتے ہیں۔

پی ٹی اے نے شہریوں پر زور دیا ہے کہ وہ کسی بھی غیر تصدیق شدہ نمبر یا فرد کو ایس ایم ایس، واٹس آپ یا دیگر میسجنگ ایپس کے ذریعے موصول ہونے والے کوڈز نہ بتائیں اور اس قسم کے پیغامات موصول ہونے پر متعلقہ اداروں کو فوری طور پر اطلاع دیں۔

یہ وارننگ ایسے وقت میں سامنے آئی ہے جب ملک بھر میں آن لائن فراڈ کی وارداتوں میں اضافہ دیکھنے میں آ رہا ہے خاص طور پر ایسے کیسز جن میں صارفین خود انجانے میں اپنی معلومات شیئر کر بیٹھتے ہیں۔

Related Posts